ایران میں بارشوں اور سیلاب کے باعث 30 افراد ہلاک

فوٹو:بشکریہ اناڈولو نیوزایجنسی


تہران: ایران میں شدید بارشوں کے باعث 30 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے جب کہ تہران سمیت کئی صوبوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایران کے 31 میں سے 28 صوبوں کو شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورت حال کا سامنا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 110 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

ایران میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کئی گاڑیاں پانی میں بہہ گئی ہیں جب کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بجلی کا نظام معطل ہے۔ مکانات اور انفرا اسٹرکچر کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

ایران میں کئی روز سے جاری مسلسل بارشوں کے باعث مختلف صوبوں میں سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جب کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر معطل ہے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے گارڈز بھی ریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں جب کہ ایرانی صدر نے تمام گورنروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں ایران: بارش و سیلاب سے 18 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی

مشہد ائر پورٹ سمیت متعدد ائرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت متاثر ہے جب کہ ایرانی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ادارے کے افراد سیلاب اور بارش کے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے کشتیوں کا استعمال کر رہے ہیں جب کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والوں کی دیکھ بھال پر بھی توجہ مرکوز ہے۔

عالمی برادری کی جانب سے ایران کو درپیش صورتحال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے عائد کردہ معاشی و اقتصادی پابندیوں کے باعث ایرانی معیشت پہلے ہی سخت دباؤ کا سامنا کررہی ہے۔ یقیناً سیلاب و بارش سے پید اہونے والی صورتحال اس کی پریشانیوں میں اضافے کا سبب ہو گی۔


متعلقہ خبریں