وزیراعظم کا غربت کے خاتمے کیلیے نئی وزرات بنانے کا اعلان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک سے غربت کا خاتمہ کرنا ایک جہاد ہے۔ پاکستان میں 43 فیصد بچے خوارک کی کمی کا شکار ہیں۔

غربت کے خاتمے کے پروگرام احساس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست مسلمانوں کے لیے ایک  مثال ہے۔ مسلمانوں کی وجہ سے ہی یورپ میں احیا کی تحریک شروع ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ غربت کو کم کرنے کے لیے جہاد شروع کیا ہے، ڈاکٹر ثانیہ نے غربت پروگرام پر کافی محنت کی ہے۔غربت ختم کرنے کا کوئی ایک فارمولا نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا کہ غربت کم کرنے کے لیے بہت سے اقدامات کرنے پڑتے ہیں، پوری حکومت مل کر غربت کےخلاف جہاد لڑیں گے۔ دنیا میں واحد ملک پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو کامیاب ہوتا ہے لوگ اس کی زندگی سے سیکھتےہیں،دنیا کے کامیاب ترین انسان حضرت محمد ﷺ تھے۔  یورپ کی ریاستوں میں غریب لوگوں کا خیال رکھا جاتا ہے کیونکہ یورپی ملکوں نے مدینہ کی ریاست کے اصول اپنائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مدینہ کی ریاست کے اصولوں پر عمل نہیں کررہے، ریاست مدینہ کا بنیادی اصول “رحم “تھا۔ یورپ نے مدینہ کی ریاست کے اصول اپنائے اور آگے نکل گئے۔

عمران خان نے کہا کہ انسان کی مدد کرنا اللہ پاک کا راستہ ہے ، یورپ میں لوگ بھوکے نہیں مرتے، کوشش انسان کو کرنی چاہیے مدد اللہ پاک کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ چین نے اپنے ملک سے غربت ختم کرنے کا فیصلہ کیا، دیکھیں گے پاکستان کو بھی غربت سے نکال لیں گے، ہرسال شوکت خانم اسپتال کا خسارہ 600ارب ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب اللہ کے لیے کام کرتے ہیں تو صرف کوشش کریں، مدد اللہ کرتا ہے، آج ہم بھی وہی فیصلے کر رہے ہیں تاکہ آگے جاکر ملک معاشی طور پر مستحکم ہو۔

یہ بھی پڑھیں: این آر او لینے کے لئے بلیک میل کیا جارہاہے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم نے کہا کہ چین نے 30 سال پہلے جو فیصلے کیے اس کی وجہ سے آج معاشی طاقت ہے، تمام اداروں کو غربت مٹاوَ پروگرام میں ضم کریں گے، سوشل پروٹیکشن اور غربت کے خاتمے کے لیے نئی وزارت بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے آرٹیکل 38 ڈی میں ترمیم کریں گے، غربت مٹاؤ پروگرام میں 80 ارب روپے کا اضافہ کررہے ہیں۔وزارت غربت کے خاتمے پر عمل درآمد یقینی بنائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشرےسےغربت کےخاتمے کے لیے کوئی فارمولا نہیں، غربت ختم کرنے کے لیےکئی اقدامات کرنا پڑتےہیں،چین نے 30 سال پہلے70 کروڑلوگوں کوغربت سے نکالا۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نےاپنی پالیسیوں کےمطابق فیصلہ کیا، غریبوں کی مدد کرنے والے اداروں کا ڈیٹا دسمبر تک حاصل کرلیں گے، 57 لاکھ خواتین کے لیے سیونگ اکاؤنٹس بنا رہے ہیں،ان کو موبائل فون بھی دیں گے، مختلف سرکاری فلاحی ادارے الگ الگ کام کر رہے ہیں، نئی وزارت سے مل کر کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان 27 اپریل کو تین روزہ دورے پر چین جائینگے

وزیراعظم کے مطابق 500 ڈیجیٹل حب بنا رہے ہیں، جو مختلف دیہاتوں میں کام کریں گے، سردیوں میں لوگ فٹ پاتھوں پر سوتے تھے، ڈیجیٹل حب تحصیلوں اور دیہاتوں میں موجود لوگوں کی رہنمائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو پڑھنا چاہتے ہیں ان طالب علموں کو گرانٹ دیں گے، ڈیجیٹل حب سے عوام اپنے بینک اکاؤنٹس، نئی نوکریوں سے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم دنیا میں سب سے کم ٹیکس دیتے ہیں تاہم خیرات دینے والے ملکوں میں ہم سب سے آگے ہیں۔

سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین نفیسہ شاہ کا وزیراعظم کے بیان پر ردعمل

سیکریٹری اطلاعات پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین ڈاکٹر نفیسہ شاہ  نے کہا کہ وزیراعظم کہانیاں نہ سنائیں ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمتیں دیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام غریب خواتین کیے لیے ہے، بیت المال غریبوں، یتیموں اور بیماروں کی مدد کرتا رہا ہے۔ عمران خان میں سمجھنے اور معلومات کا فقدان ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام سے نہ کھیلیں، وعدے پورے کریں۔


متعلقہ خبریں