حکومت کا گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ

فوٹو: فائل


وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے کا عندیہ دے دیا۔

وزیر پیٹرولیم نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ اوور بلنگ کے ازالے کے لئے صارفین کو اضافی وصولیاں 30 جون تک واپس کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کمپنیوں نے قیمتوں میں 147 فیصد اضافے کی سفارش کی ہے تاہم اضافہ کم کیا جائے گا۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ زیرِسمندر تیل اور گیس کی دریافت سے متعلق اچھی خبر کی امید ہے، وزیر اعظم نے تین ہفتوں میں خوشخبری دینے کی بات کی ہے، اب تک جو معلومات مل رہی ہیں اس سے توقع ہے کہ گیس کا بڑا ذخیرہ ملے گا، ابھی ڈرلنگ کا عمل جاری ہے لہٰذا حتمی اعلان کے لیے کچھ دن انتظار کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ہم نیوز نے خبر دی تھی کہ یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ سوئی ناردرن اور سدرن کمپنیوں نے گیس کی قیمتوں میں 145 فیصد تک اضافے کی درخواستیں اوگرا کو بھجوائی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس این جی پی ایل نے قیمت میں 501 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔

نرخوں میں اضافے کی صورت میں گیس کی نئی قیمت 723 روپے سے 1224 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہوجائے گی۔

گزشتہ سال اکتوبر میں 116 ارب روپے آمدن کے حصول کے لیے گیس کی قیمتوں میں 35 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں