پلوامہ حملہ: پاکستان نے بھارتی ڈوزیئر کا ابتدائی جواب بھجوادیا

پاکستان: اہم ممالک میں سفرا کی تقرریاں و تبادلے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: پاکستان نے پلوامہ حملے پر بھارتی ڈوزئیر کا ابتدائی جواب بھارت کو بھجوا دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق پاکستان نے بھارتی ڈوزئیر میں دی گئی معلومات پر تحقیقات کرکے جواب دیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ بلا کر پاکستانی جواب ان کے حوالے کیا گیا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو پلوامہ حملہ کے بعد تحقیقات میں مدد کی پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 27 فروری کو ڈوزئیر بھجوایا گیا، پاکستان نے اس معاملہ پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مکمل تعاون کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایسا مظاہرہ خطہ کے امن اور سلامتی کے لیے کیا، پاکستان آگے بڑھنے کے لیے بھارت کی طرف سے مزید معلومات اور شواہد کا انتظار کررہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام میں پاکستان کو بھارتی ڈوزیئر موصول ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کو بھارت سے چوکنا رہنا ہوگا، وزیرخارجہ

پاکستان پلوامہ واقع کے بعد سے مسلسل کہتا آیا ہے کہ اگر بھارت کے پاس کچھ ثبوت و شواہد موجود ہیں تو وہ پاکستان کے سپرد کیے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بھی اس ضمن میں کہا تھا کہ اگر بھارت ٹھوس ثبوت و شواہد فراہم کرے تو مجرمان کے خلاف فوری اور ٹھوس کاررائی کرنے کو تیار ہیں۔


متعلقہ خبریں