ماسکو میں ’ہم نیوز‘ نے بھارتی مندوبین اور میڈیا کو چپ کرادیا



ماسکو: بھارتی سفارتکاروں، ریٹائرڈ جنرل، پروفیسر اور ذرائع ابلاغ کے دو درجن سے زائد نمائندگان کو ’ہم نیوز‘ نے ’عالمی فورم‘ پر آئینہ دکھا کرچپ کرادیا اور اس طرح ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے اور سچ کو کبھی شکست نہیں ہوتی۔

ہم نیوز کے مطابق روس کے سب سے بڑے میڈیا گروپ ’ رشیا ٹوڈے‘ نے پاکستان اور بھارت کی موجودہ نازک صورتحال سے روسی ذرائع ابلاغ کو آگاہی دلانے کے لیے ’’علاقائی سیکیورٹی کے لیے ایک چیلنج کے طور پر بھارت – پاکستان کا واقعہ: خطرات کو کم کرنے کے طریقے‘‘ کے موضوع پر وڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا تھا۔

روسی میڈیا گروپ کی جانب سے منعقدہ وڈیو کانفرنس میں شرکا براہ راست ماسکو اور نئی دہلی سے شریک تھے۔

 

 

روسی ذرائع ابلاغ کو صورتحال سے آگاہی دلانے کے لیے منعقدہ وڈیو کانفرنس میں بھارت کی جانب سے بھارتی وزارت دفاع کے وسیع پروگرام کے تشخیصی محکمہ آفیسر بریگیڈیئر، جنرل (ر) راول بونسل، اقوام متحدہ میں بھارت کے سابق مستقل مندوب اور بھارتی سوسائٹی آف انٹرنیشنل قانون کے پروفیسر کلریکل پینکیو فبنان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

 

ہم نیوز کے مطابق بھارتی مندوبین اور ان کے متعصب ذرائع ابلاغ نے اپنے روایتی ہتھکنڈوں کا استعمال کرتے ہوئے روسی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو سچی بات بتانے سے کلیتاً اجتناب برتا اور انہیں گمراہ کن پروپگنڈے کے ذریعے حقائق مسخ کرکے اپنی مرضی و منشا کے متعلق ’آگاہی‘ دلانے کی کوشش کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بھارتی مندوبین نے پوری کوشش کی کہ روسی ذرائع ابلاغ کے نمائندگان حقائق تک آگاہی حاصل نہ کرسکیں۔

اس مقصد کے حصول کے لیے بھارتی میڈیا نمائندگان نے بھی بھرپور حصہ بٹایا اوراپنے مندوبین کی ’ہاں میں ہاں‘ ملاتے ہوئے پاکستان پر گمراہ کن الزامات کی بوچھاڑ کردی۔

عالمی فورم پر ’ہم نیوز‘ کے نمائندہ خصوصی اور ممتاز صحافی سید اشتیاق ہمدانی بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے جب حقائق بیان کرنے شروع کیے تو بھارتی مندوبین سمیت ان کے متعصب میڈیا نمائندگان کو ’سانپ‘ سونگھ گیا۔

آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے سید اشتیاق ہمدانی نے تن تنہا ماسکو سے بات چیت میں حصہ لیتے ہوئے بھارتی مندوبین کو آئینہ دکھایا تو نئی دہلی میں موجود بھارتی افراد کو چپ لگ گئی بلکہ بعض تو احساس ’شرمندگی‘ سے منہ بھی چھپاتے محسوس ہوئے۔

ہم نیوز کے نمائندہ خصوصی نے عالمی فورم پر بھارتی پروپگنڈے اوران کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دیا اور اس طرح روسی ذرائع ابلاغ کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر و بھرپورطریقے سے اجاگر کرنے میں کامیاب ہوئے۔

سید اشتیاق ہمدانی کے حقائق سے بھرپور اور مدلل جوابات کو روسی ذرائع ابلاغ نے سراہا جب کہ بھارتی شرکا کسی بھی بات کا جواب نہ دے سکے۔

 


ہم نیوز کے نمائندہ خصوصی نے سوال و جواب کے سیشن میں موجودہ کشمیر کی صورتحال اور پاکستان کے اصولی مؤقف کو پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین موجودہ صورتحال سے بھی روسی میڈیا کو آگاہی دلائی۔

ہم نیوز کے مطابق ایک موقع پر جب بھارت کے روایتی متعصب میڈیا نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی اور جدوجہد آزادی کی منفی تصویر دکھانی چاہی تو سید اشتیاق ہمدانی نے اقوام متحدہ کی قرار داد پیش کردی اور ساتھ ہی انسانی حقوق کی رپورٹ دکھائی جو 2018 میں بھارت کی قابض افواج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم پرمبنی تھی۔

سید اشتیاق ہمدانی کی بھرپور مدلل گفتگو کا جواب نہ پاکر بھارتی مندوبین اور ان کے ذرائع ابلاغ کے نمائندگان نے ابتدا میں جھوٹ پر مبنی جواز پیش کرنے کی کوشش کی لیکن پھر چپ سادھنے ہی میں عافیت سمجھی۔

عالمی فورم پراس طرح بھارت کے دو درجن سے زائد مندوبین اور نمائندگان کو ’ہم نیوز‘ کے نمائندہ خصوصی سید اشتیاق ہمدانی نے تنہا چپ لگادی اور وہ بغلیں جھانکتے دکھائی دیے۔


متعلقہ خبریں