وزیر اعظم کا 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اپریل میں شروع کرنے کا اعلان



اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ اپریل میں شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے اسٹیٹ بینک ہماری مدد کر رہا ہے۔

وزیر اعظم نے اسلام آباد میں بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے اور ہم 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانا چاہتے ہیں تاہم ہمیں گھروں کی تعمیر میں مشکلات آئیں گی جب کہ منصوبے کے تحت عام آدمی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے منصوبے پر ٹاسک فورس محنت سے کام کر رہی ہے جب کہ منصوبہ شروع ہونے کے بعد گھروں کی مانگ میں اضافہ ہو جائے گا۔ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ اپریل میں شروع کر رہے ہیں جب کہ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے پلاننگ کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں اشرافیہ کو سہولیات حاصل ہیں اور صرف اشرافیہ کی ترقی سے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ غریب عوام اسلام آباد میں گھر بنانے کے قابل نہیں ہیں جب کہ ملک میں انفرا اسٹرکچر کا بھی فقدان ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں نوجوان اپنی کمپنیاں بنائیں اور کاروبار کریں۔ ہمارے ہاؤسنگ منصوبے سے 40 صنعتوں کو فائدہ پہنچے گا جب کہ ہاؤسنگ منصوبے میں ملائیشیا اور چین کی پرائیویٹ کمپنیوں نے دلچپسی کا اظہار کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں مہنگی زمینوں پر قبضے کیے گئے تھے تاہم ہم نے 50 ارب روپے کی غیر قانونی زمین واگزار کرالی ہے، سرکاری محکموں نے زمینوں پر قبضے کرا رکھے تھے۔ زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو جیلوں میں ڈالیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام ٹیکس نہیں دیتے لیکن عطیات سب سے زیادہ دیتے ہیں۔ پاکستانی عوام کو اپنی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔

ہم مائیکرو فنانس کے ذریعے قبائلی عوام کو بھی گھر بنانے میں مدد دیں گے، عمران خان

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں کثیر المنزلہ عمارتیں بنانے کی اجازت دے رہے ہیں۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن سے بھی بات ہو گئی ہے۔ حکومت کا کام پرائیویٹ سیکٹر کو سہولتیں اور آسانیاں فراہم کرنا ہے۔

ملک میں لگائے گئے درختوں سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف نے 5 سال میں ایک ارب سے زائد درخت لگائے ہیں۔

’حکومت کی ناکام اقتصادی پالیسیاں قومی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، احسن اقبال‘

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے عمران خان کی تقریر کے ردعمل میں کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت “غربت مکاؤ” نہیں “غربت پھیلاؤ” پروگرام پر عمل کر رہی ہے۔ملکی تاریخ کا سب سے بڑا غربت پھیلاؤ پروگرام شروع ہو چکا ہے۔بجلی ، گیس کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ نے بد ترین مہنگائی پیدا کر دی ہے۔

احسن اقبال نے کہ اترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ کٹوتی سے دس لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔غریب عوام بدترین مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہیں۔ معیشت ڈوب رہی ہے اور عمران خان قوم کو مرغیاں ، بکریاں اور چھابڑیاں بیچ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت کی ناکام اقتصادی پالیسیاں قومی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکی ہیں۔

’نیازی حکومت نے 8لاکھ انسانوں کو بے گھر کیاہے، سعید غنی‘

پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا کہ عمران خان کا ہر پلان صرف ھوائی فائر ہوتا ہے ۔اعلان اور عمل میں بہت بڑا فرق ہے۔آٹھ ماہ میں آٹھ گھر بھی نہیں بنے،نیازی حکومت نے آٹھ لاکھ انسانوں کو بے گھر کیا ہے ۔ آٹھ ماہ میں تین بار عوام پر بجٹ بم گرائے گئے۔ مرغیوں ،انڈوں، بکریوں کے بعد کاغذ کے جہازوں کی بات ہوگی۔


متعلقہ خبریں