پولیو مہم کا کیچ اپ ڈے

پولیو:عالمی ادارہ صحت کا پاکستان پر عارضی سفری پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


لاہور:پولیو مہم کا آج کیچپ ڈے ہے۔ کیچ اپ ڈے میں تین روزہ پولیو مہم کے دوران گھر میں موجود نہ ہونے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے.

پولیو ٹیمیں آج بھی گھر گھر جا کر رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔

ادھر  گزشتہ روز لاہور پولیس نےاپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلوانے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ ایریا انچارج محمد شہباز ریاض کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے ملک بھر کے 97 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری

تھانہ نصیر آباد میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم صداقت نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلوائے۔ملزم نے   قطرے پلانے کا کہنے پرپولیو کے قطرے پلانے والی  ٹیم کو دھمکیاں دیں۔


ڈپٹی کمشنر لاہور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیو ٹیموں کیلئے سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کئے گئے ہیں۔ شہری پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔

رواں پولیو مہم کے تحت دو کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس مہم میں ایک لاکھ 40 ہزار ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ دو قطرے اور عمر بھر کی معذوری سے بچاؤ کے نام سے 97 اضلاع میں پولیو مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔

پولیو پروگرام کے مطابق خیبرپختونخوا (کے پی) کے 25 اضلاع بشمول سات قبائلی اضلاع میں 55 لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک گیر انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا

اسی طرح سندھ کے 20 اضلاع میں 60 لاکھ سے زائد، پنجاب کے 12 اضلاع میں 65 لاکھ سے زیادہ، بلوچستان میں گیارہ لاکھ سے زائد اور اسلام آباد میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ بچوں کو ویکسین پلائی جارہی ہے۔

پولیو پروگرام کی جانب سے والدین سمیت تمام مکتبہ فکر کو مہم کامیاب بنانے کےلیے اپنا کردار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

واضح رہے ایک ماہ قبل کراچی اور لاہور سمیت پاکستان کے دس بڑے شہروں کے گٹر کے پانی میں پولیو وائرس پائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

فوکل پرسن بابر بن عطا نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ پولیو وائرس کی موجودگی والے شہروں میں فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، کراچی، سکھر، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، ڈی آئی خان، پشاور اور جنوبی وزیرستان کے شہر شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں