امریکہ کی خلا کو گندا کرنے پر بھارت کو تنبیہ

امریکہ کی خلا کو گندا کرنے پر بھارت کو تنبیہ

فوٹو:بشکریہ ہندوستان ٹائمز


مودی سرکار نے الیکشن جیتنے کیلئے اینٹی میزائل تجربے کا تھیٹر تو لگا لیا لیکن امریکہ نے خلا کو گندا کرنے پر بھارت کو تنبیہ کی ہے اور ساتھ ہی ناسا نے بھی خبردار کیا  ہے کہ اس تجربے کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ 

بھارتی وزیراعظم  نریندر مودی نے انتخابات سے پہلے اینٹی میزائل  ٹیکنالوجی حاصل کرنے کا ایک اور شوشہ تو چھوڑ دیالیکن امریکہ کی طرف سے نہ صرف تجربے پر تشویش ظاہر کی گئی بلکہ اس کے نتائج سے خبردار بھی کیا ہے۔ 

عالمی میڈیا کے مطابق امریکہ کے قائم مقام وزیر دفاع پیٹرک شیناہن نے بھارت سے کہا ہے کہ وہ خلا کو آلودہ نہ کرے۔ 

خلا تمام انسانوں کی مشترکہ ملکیت ہے جس کو اینٹی میزائل تجربے جیسے اقدامات سے آلودہ نہیں کیا جانا چاہئے۔

پیٹرک شیناہن کا کہنا تھا کہ انسانوں کا خلا پر انحصار بڑھ رہا ہے اس لئے بین الاقوامی سطح پر قانون سازی کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب امریکی ائیر سپیس کمانڈ کے وائس کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈیوڈ تھامسن نے ایوان نمائندگان کی کمیٹی کو آگاہ کیا ہے کہ بھارتی تجربے کے نتیجے میں ملبے کے 270 ٹکڑے وجود میں آئے ہیں اور ان کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ 

ناسا کے سربراہ نے کمیٹی کو بتایا کہ خلائی ملبہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک دفعہ ملبہ پھیل جائے تو اس کو سمیٹنا ناممکن ہوتا ہے۔

یاد رہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں کئے گئے ایک جلسے کے دوران اسپیس ٹیکنالوجی میں انقلاب برپا کرنے کا دعویٰ کیاہے۔

یہ بھی پڑھیے: مودی کا خلاء میں انقلاب برپا کرنے کا دعویٰ

بھارتی وزیراعظم نے خطاب کے دوران کہا کہ امریکا روس اور چین کے بعد بھارت چوتھا ملک ہے جس نے میزائل کے ذریعے اسٹیلائٹ کو نشانہ بنانے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشن شکتی کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے جس کے تحت میزائل کے ذریعے خلا میں نچلی سطح پر گردش کرنے والے سٹیلائٹ کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا جس پر قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔


متعلقہ خبریں