نیب کو اومنی گروپ کے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

عدالت کا نیب کو اومنی گروپ کے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

فائل: فوٹو


اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو اومنی گروپ کے خلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

میگا منی لانڈرنگ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بڑا حکم جاری کرتے ہوئے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی نے فیصلہ سنایا۔

واضح رہے کہ نمر مجید نے مقدمات کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے اومنی گروپ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل کی فراہمی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ درخواست اومنی گروپ کے ڈائریکٹر نمر مجید کی جانب سے جمع کرائی گئی تھی۔

درخواست گزار کی جانب سے راجہ رضوان عباسی ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے

نمر مجید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے مؤکل اور ان کے خاندان کے خلاف مقدمات کی تعداد اور نوعیت کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں چیئرمین نیب کا میگا منی لانڈرنگ کیس راولپنڈی منتقل کرنے کا حکم

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ میرے مؤکل کے خاندان کا شوگر ملز، پاور جنریشن اور فارمز کا کاروبار ہے اور وہ بین الاقوامی فرم سے کمپنیز کا آڈٹ کرانے کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے فاضل عدالت سے استدعا کی کہ نیب اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو درج کیے گئے مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا تھا کہ فریڈم آف انفارمیشن لا کے تحت آپ نیب اور ایف آئی اے کو درخواست دیں۔ جس پر فاضل وکیل نے استدعا کی کہ میں فریقین کو درخواست دے دیتا ہوں مگر آپ بھی نوٹس کر دیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم فریقین کو نوٹس جاری نہیں کر رہے تاہم درخواست پر مناسب حکم جاری کر دیں گے۔ جس کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔


متعلقہ خبریں