کراچی میں اساتذہ پر پولیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج


کراچی: کراچی میں ایک بار پھر پولیس اساتذہ پر ٹوٹ پڑی، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔

کراچی پریس کلب کے باہر اساتذہ اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کر رہے تھے تاہم احتجاج کے دوران اساتذہ نے مطالبات تسلیم نہ کیے جانے پر ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی۔

جس پرپولیس نے اساتذہ کو ریڈ زون میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے پہلے شیلنگ اور پھر لاٹھی چارج کیا۔

احتجاج میں سندھ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ شامل ہیں جو مستقل کیے جانے، بروقت ترقی اور مراعات میں اضافے کے لیے احتجاج کررہے ہیں۔

اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمیں صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری کی جانب سے کئی مرتبہ مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی جا چکی ہے لیکن تاحال ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے۔

پولیس کی جانب سے متعدد اساتذہ کو حراست میں بھی لیا گیا جنہیں بعدازاں رہا کردیا گیا۔

اساتذہ پر تشدد، خرم شیرزمان کا ردعمل

تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیرزمان کے اساتذہ پر تشدد پرردعمل میں غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کا متشدد رویہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ نے بار بار سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا وقت مانگا، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ سندھ حکومت صوبے میں اساتذہ کی تذلیل کرکے کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔

خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت فوری طور پر اساتذہ کے جائز مطالبات تسلیم کرے۔

بلاول بھٹو زرداری کا ردعمل

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں اساتذہ کے احتجاج پر آنسو گیس کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ پرامن مظاہرین کے خلاف اس طرح کا اقدام ناقابل برداشت ہے، پرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے احتجاج کے ساتھ مہذب برتاوَ بھی اختیار کیا جاسکتا تھا، انہوں نے تمام گرفتار اساتذہ کو رہا کرنے کی بھی ہدایت کی۔


متعلقہ خبریں