وزیراعظم نے گوادر ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا


گوادر: وزیراعظم عمران خان نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجھے گوادر آکر خوشی ہوئی، آنے والے دنوں میں گوادر کی ترقی سے پاکستان کو فائدہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کو فائدہ دیے بغیر ترقی ممکن نہیں، گوادر کی ترقی سے خطےکو فائدہ ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں سےمقامی لوگوں کوفائدہ نہیں ہوا، ترقی وہ ہوتی ہےجس سے مقامی لوگوں کوفائدہ ہو، ماضی میں سوئی سےگیس نکلی تاہم مقامی لوگوں کوفائدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر سے کوئٹہ ٹرین سروس شروع کریں گے، وزیر ریلوے شیخ رشید منصوبے کے لیے گوادر آئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پانی کو دوبارہ قابل استعمال کرنے اور سولڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ کے منصوبے بھی شروع کیے جارہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گوادر کے لوگوں کو ہیلتھ کارڈ دیں گے، یہاں کے ماہی گیروں کے لیے خصوصی گرانٹس رکھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر خاندان کو7 لاکھ20 ہزار روپے کا ہیلتھ کارڈ دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی علاقوں میں ایران سےبجلی لے جاتی تھی تاہم جلد اس علاقے کو نیشنل گرڈ سے جوڑ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں کچرا دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں ریلویز بڑھ رہی ہیں اور ہمارے ملک میں بدقسمتی سے کم ہوئی ہیں، ریلوے ٹیکنالوجی میں بہتری کیلیے چین سےبھر پور مدد لے رہےہیں، اگر آپ چین کی ٹرین میں سفر کریں تو 4 گھنٹے میں کراچی سے لاہور پہنچ جائیں گے، گوادر سے کوئٹہ ریلوے ٹریک بنائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اپریل میں چین کا دورہ کروں گا، پاکستان چین سے مختلف شعبوں میں معاونت حاصل کرسکتاہے۔

وزیراعظم کی کراچی آمد

گوادر میں ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کراچی پہنچ گئے ہیں۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اولڈ ٹرمینل پر وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

گورنر ہاؤس آمد کے بعد وزیر اعظم سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔

وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، نسرین جلیل، کنور نوید،  فیصل سبزواری اور وسیم اختر شامل تھے۔

اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد عمران خان کا یہ کراچی کا تیسرا دورہ ہے۔

اس سے قبل 14 ستمبر 2018 کو وزیر اعظم نے کراچی میں ایک روزہ دورہ کیا تھا ۔

اس کے علاوہ آٹھ دسمبر کو بھی وزیر اعظم نے کراچی کا دورہ کیاتھا جس میں صنعتکاروں سے اہم ملاقات کی تھیں۔

اس سے قبل عمران خان نےکوئٹہ ژوب ڈبل کیرج وے کا افتتاح کیا تھا۔ افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا بلوچستان میں سیاست صرف انتخابات جیتنے کے لیے ہوتی ہے۔ خوشی ہوئی ہے کہ ایک وزیراعلی ہے جوعوام کے لیے کام کررہاہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملک مقروض ہے اور ہم قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لینے پر مجبور ہیں۔ ملک مقروض ہونے سے بنیادی سہولتوں کا خاتمہ ہوجاتاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم روزانہ کا 6ارب روپیہ سود کی مد میں ادا کررہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کوئٹہ سمیت بڑے شہروں کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ شہروں کا نظام بہتر بنانے کے لیے بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

عمران خان نے کہا کہ کوئٹہ تفتان ٹریک پاکستان کوایران سے ملائے گا۔ بلوچستان کی ترقی سے پاکستان ترقی کریگا۔

عمران خان نے کہا آرمی چیف کا شکر گزار ہوں انکی مدد سے کوئٹہ میں کارڈیک سنٹر بنے گا۔

’ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے سسٹم اورشفافیت کا فقدان ہے، وزیراعلی بلوچستان‘

وزیراعلی بلوچستان نے تقریب سے خطاب میں کہا وزیراعظم عمران خان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ماضی میں سی پیک سے متعلق کئی وعدے کیےگئے۔ماضی میں سی پیک کی شروعات میں مختلف سڑکوں کے افتتاح دیکھے،آج پہلی بار سی پیک کے مغربی روٹ پر کام شروع ہواہے۔
جام کمال نے کہا وزیراعظم کےبلوچستان کی ترقی کےوژن کےمعترف ہیں۔ یقین ہے سی پیک سے بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کارڈیک سینٹر پاک فوج اور صوبائی حکومت کا مشترکہ منصوبہ ہے۔کارڈیک سینٹربلوچستان کےعوام کےلیےبہت بڑی سہولت ہے۔بلوچستان میں بہت سے لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں،بلوچستان کے عوام علاج کےلیے کراچی جاتے ہیں۔ ۔ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے سسٹم اورشفافیت کا فقدان ہے۔

ماضی میں بلوچستان کےعوام سےکیے گئے وعدے پورے نہ ہوئے۔ ماضی میں بلوچستان میں دکھاوے کی سیاست کی گئی،بلوچستان کے مسائل کاحل موجودہ صوبائی اوروفاقی حکومت کی ترجیحات ہیں،کوئٹہ بلوچستان کا سب سے بڑاشہر ہےبلوچستان کے عوام کو ان کی دہلیزتک سہولیات پہنچائیں گے۔ بلوچستان حکومت نے گورننس کےنظام کو بہتربنایاکیونکہ گڈگورننس اورشفافیت کےبغیرنظام نہیں چل سکتا۔

انہوں نے کہاپرامن بلوچستان کےپیچھے اداروں کی قربانیاں ہیں آج کا بلوچستان ماضی سے بہت بہتر ہے،بلوچستان پسماندگی اور تنازعات کا شکار رہاہے۔ بلوچستان کو ملکی ترقی کا ضامن بنائیں گے،

قبل ازیں وزیراعظم پاکستان عمران خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید،  معاون خصوصی یار محمد رند اور دیگر وزرا اور پارٹی رہنما بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم عمران خان کا رواں ماہ سندھ میں ایک اور بڑاجلسہ کرنے کا فیصلہ

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ایوی ایشن بیس پر وزیراعظم کا استقبال کیا ۔وزیر اعظم عمران خان گورنر بلوچستان وزیر اعلی بلوچستان اور اہم وفاقی وزرا کے ہمراہ کوئٹہ کینٹ پہنچ گئےہیں۔

آئی ایس پی آر کی طر ف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ  وزیراعظم نے پاک فوج اوربلوچستان حکومت کے مشترکہ پراجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا،ان منصوبوں میں کارڈیک سینٹر کوئٹہ، ژوب روڈ موٹروے شامل ہیں۔ کوئٹہ کےکارڈیک سینٹر پراجیکٹ کو یو اے ای حکومت کی مالی معاونت حاصل ہے۔کوئٹہ ژوب روڈ کچلاک،مسلم باغ،قلعہ سیف اللہ کےدرمیان سےگزرےگا،

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ میں ماحول دوست بائیومیڈیکل ورکشاپ،ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ بھی تعمیر کیاجائے گا،وزیراعظم نے پاک فوج اوربلوچستان حکومت کے مشترکہ پروجیکٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔  سڑک کی تعمیر سےبلوچستان کےپسماندہ علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی نےبھی وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم پاکستان کے گوادر آمد پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔ ایئر پورٹ سے جناح ایونیو، میرین ڈرائیو، استادعبدالمجید گوادری روڈ، گوادرپورٹ روڈ عام ٹریفک کیلئے بند کردیئے گئے۔جناح ایونیو، میرین ڈرائیو سمیت مختلف شاہراؤں پر پیدل چلنے کی بھی اجازت نہیں۔


متعلقہ خبریں