پاکستان بھارتی صحافیوں کو ویزے دیگا

کرتار پور راہداری، بھارت نے گھٹنے ٹیک دیے

فوٹو: فائل


پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت کرتارپورراہداری اجلاس کے موقع پر بھارتی صحافیوں کوویزے دینے کااعلان کردیاہے۔
یہ اعلان ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سامنے آیا ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے لکھا کہ کرتارپورراہداری پراجلاس 2 اپریل کوواہگہ لاہور میں ہوگا۔ اجلاس کی کوریج کےلیے بھارتی صحافیوں کوخوش آمدید کہتے ہیں۔ بھارتی صحافی نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن سے ویزہ حاصل کرسکتے ہیں۔

یاد رہے رواں ماہ کے وسط میں  انتہا پسند بھارتی حکومت نے کرتارپور راہداری کے سلسلے میں دونوں ممالک کے وفود کی اٹاری میں ملاقات کی کوریج  کے لئے پاکستانی صحافیوں کو ویزے جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ افسوس ناک بات ہے بھارت نے پاکستانی صحافیوں کو کرتار پور میٹنگ کیلئے ویزے جاری نہیں کیے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستان میں 30 سے زائد بھارتی صحافیوں نے کرتارپور منصوبے کی کوریج کی ۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی صحافیوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےان  کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

یہ بھی پڑھیے:کرتارپور راہداری اجلاس، بھارت کا پاکستانی صحافیوں کو ویزا دینے سے انکار

یاد رہےگزشتہ برس وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کی تحصیل شکرگڑھ میں سکھ یاتریوں کے لیے کرتار پور راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں کرتار پور راہداری کی تعمیر تیزی سے جاری

سنگ بنیاد کی تقریب میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو سمیت بھارتی سرکاری وفد، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، مختلف ممالک کے سفارت کار اور دیگر لوگ شریک ہوئے تھے۔

اپنے خطاب میں بھارتی وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے دونوں ممالک کے درمیان امن برھانے کی بات کی تھی جب کہ بھارتی وزیر ہرسمرت کور نے کہا تھا کہ آج سکھ برادری کے لیے تاریخی دن ہے۔


متعلقہ خبریں