دانش اسکولز کے لیے پانچ ارب پچاس کروڑ روپے مختص

دانش اسکولز کے لیے پانچ ارب پچاس کروڑ روپے مختص

لاہور:پنجاب حکومت نے دانش اسکولز اتھارٹی کے لیے پانچ ارب پچاس کروڑ روپے مختص کیے ہیں ۔ دانش اسکولز ترقیاتی فنڈز کی مد میں دو ارب اور اخراجات کی مد میں تین ارب پچاس کروڑمختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔

ہم نیوز کو ملنے والی تفصیلات کے مطابق دانش سکول ٹبہ سلطان پور میں سڑک کی تعمیر کیلئے4کروڑ66لاکھ چون ہزار روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔

دانش اسکول گجیانی کی سڑک کی تعمیر کیلئے90لاکھ65ہزار روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ دانش سکولز کیلئے 2015 میں 4ارب80کروڑ، 2016میں 5ارب 50کروڑ اور 2017میں 5ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔

ہم نیوز کو حاصل معلومات کے مطابق  گزشتہ3سالوں میں دانش سکولز میں مجموعی طور پر 11ارب19 کروڑروپے خرچ کئے گئے۔

پنجاب کے ہزاروں اسکول بنیادی سہولتوں سے محروم

دوسری طرف دانش اسکول اور ’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب‘ کے نعروں کے باوجود سب سے زیادہ آبادی والے صوبہ پنجاب میں ہزاروں تعلیمی ادارے متعدد بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔

محکمہ تعلیم پنجاب کے گزشتہ برس جاری کیے گئے  اعدادوشمار کے مطابق فیصل آباد میں 300 اور دیگر 36 اضلاع میں دو ہزار سےزائد سرکاری تعلیمی ادارے خطرناک عمارتوں میں قائم ہیں۔

فیصل آباد کے نواحی گاؤں ڈھلواں کا گورنمنٹ سیکنڈری اسکول بھی انہی نظرانداز اداروں میں سے ہے جہاں چاردیواری، پینے کے صاف پانی اور اساتذہ بھی موجود نہیں ہیں۔

محکمہ تعلیم کے اعدادوشمار کےمطابق صرف فیصل آباد کے 446 اسکولوں میں دو سال سے ہیڈماسٹرز اور مختلف مضامین پڑھانے والے 41 سو اساتذہ کے عہدے خالی ہیں۔ پانچ ہزار کلاس رومز کی کمی اور 991 کمرے بھی تعمیر کے منتظر ہیں۔

پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں چار ہزار سے زائد اسکولز میں واش روم، 16 سو 24 اسکولوں میں فرنیچراور808 کلاس رومز کی کمی ہے جب کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں 700 سےزائد اسکول چار دیواری سے محروم ہیں۔


متعلقہ خبریں