دو سنچریوں کے باوجود پاکستان کو جیتے ہوئے میچ میں شکست


ابو ظہبی: دو بلے بازوں کی جانب سے سنچری اسکور کیے جانے کے باوجود پاکستان کو آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ میں چھ سے شکست ہوگئی۔

ابو ظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور اپنی ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

پاکستانی گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کے باعث ایک موقع پر آسٹریلیا کے 140 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

تاہم گلین میکسویل اور الیکس کرے کی شاندار اننگز کے باعث مہمان ٹیم 277 رنز اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے ہیرو آسٹریلیا کے خلاف فلاپ، سیریز کینگروز کے نام

جواب میں گرین شرٹس کا آغاز اچھا نہ تھا اور پہلے ہی اوور میں شاہ مسعود پویلین لوٹ گئے۔

پہلے حارث سہیل اور عابد علی اور پھر محمد رضوان اور عابد علی کے درمیان شراکتوں نے پاکستان کو وننگ پوزیشن پر لاکھڑا کیا۔

عابد علی نے ڈیبیو پرسنچری اسکور کی۔ وہ ایسا کرنے والے صرف تیسرے پاکستانی ہیں۔ محمد رضوان نے بھی سنچری اسکور کی تاہم دونوں کی شاندار سنچریاں ان کے بعد آنے والے بلے بازوں کی ناقص ترین کارکردگی کی وجہ سے ضائع ہوگئیں۔

عمر اکمل، عماد وسیم، سعد علی اور عثمان شنواری ڈبل فیگر میں بھی داخل ہونے میں ناکام رہے۔ اس طرح پاکستان کو ایک جیتے ہوئے میچ میں 6 رن سے شکست ہوئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل نے تین، اسٹونس نے دو، جبکہ رچرڈسن، نیتھن لائن اور ایڈم زیمپا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گلین میکسویل کو 98 رنز اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ایک روزہ میچ 31 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

 


متعلقہ خبریں