وزیراعلیٰ سندھ کا بحریہ ٹاؤن کے پیسے سندھ حکومت کو دینے کا مطالبہ


اسلام آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے کبھی زمین بحریہ ٹاؤن کو نہیں دی، سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن سے جو پیسہ لیا ہے وہ سندھ کو ملنا چاہئے کیونکہ زمین سندھ کی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب نے میرے خلاف شوگر ملز کے حوالے سے کیسز دائر کیے جن کی نجکاری ہائی کورٹ کے کہنے پر ہوئی جس میں میرا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دادو شوگر مل کے حوالے سے تجویز دی تھی کہ یہ اومنی گروپ کو دی جائے کیونکہ ان کے ریکارڈ بہتر تھا جس سے علاقے میں نوکریاں پیدا ہونی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مجھ پر کیس نہیں بنتا نیب نے مجھ سے بہت سوالات کیے جس کے تمام جوابات دیئے گئے مگر بعد میں ان کا کہنا تھا کہ آپ ان سوالات کے جوابات لکھ کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار بھٹو کی برسی کے باعث سوالات کا جواب 4 اپریل کے بعد دوں گا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم نے وزراعلیٰ کے اجلاس میں مجھے بلانا چھوڑ دیا ہے، تاہم سی سی آئی کے اجلاس میں تو انہیں مجھے بلانا پڑے گا کیونکہ وہ میرا آئینی حق ہے۔

سابق حکومت میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں بہت اضافہ ہوا، رہنما پی ٹی آئی

ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی ہمایوں اختر خان  نے کہا کہ مشرف دور میں ملک میں ترقی تو بہت ہوئی تاہم روپے کی قدر اس دور میں بھی ڈالر کے مقابلے میں گری تھی۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں بہت اضافہ ہوا جس کا آج نقصان ہو رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیرخزانہ نے بڑی حد تک کڑوی گولی کی کڑواہٹ کم کی ہے ورنہ آئی ایم ایف کے پلان کے مطابق ملکی معاشی صورتحال اس سے بھی ابتر ہوتی۔

ملک کی معاشی صورتحال بکریوں اور انڈوں سے کیسے ٹھیک ہو گی، محمد زبیر

رہنما مسلم لیگ ن محمد زبیر نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا دفاع کرنا چھوڑ دے انہوں نے ملک کی معاشی صورتحال کا بیڑا غرق کر کے رکھ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال بکریوں اور انڈوں سے کیسے ٹھیک ہو گی، انہیں چاہئے کہ ایک جامع پلان کا اعلان کریں تاکہ معیشت  ٹھیک ہو سکے۔


متعلقہ خبریں