سندھ میں اساتذہ کے حکومت سے مذاکرات کامیاب، دھرنا ختم



کراچی: سندھ کے سکینڈری اساتذہ نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا ہے۔

گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن اور محکمہ تعلیم کے درمیان تین گھنٹے تک طویل مذاکرات ہوئے جس کے دوران اساتذہ کا ٹائم اسکیل کا مطالبہ منظور کرلیا گیا۔

مذاکرات میں اساتذہ پر تشدد سمیت دیگر معاملات کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے اساتذہ پر تشدد پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائم اسکیل 20 گریڈ کا تین سال سے لٹکا ہوا تھا جس کی سمری منظور کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیاہے۔

صوبائی وزیرسندھ کا کہنا تھا کہ بقایا جات دس دن کے اندر ادا کر دیے جائیں گے۔ ٹیسٹ پاس کرنے والے اور 2012 میں بھرتی ہونے والےاساتذہ کی اسکروٹنی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ لاکھوں بچوں کا مستقبل داؤ پر لگے اس لیے احتجاج سے قبل ہی سمری بھیج دی تھی۔

اس سے قبل اساتذہ جب کراچی پریس کلب کے باہراپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے تھے توپولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا تھا،  پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں داخلے سے روکنے کے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔

اس پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت مختلف سیاسی جماعتوں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ پر تشدد کی مذمت کی تھی۔


متعلقہ خبریں