فرانس: ’کرسٹیان لوبوٹن‘ نے ’عمران سینڈل‘ متعارف کرادیا

فرانس: ’کرسٹیان لوبوٹن‘ نے ’عمران سینڈل‘ متعارف کرادیا

پیرس: فرانس کی مشہور جوتا سازکمپنی ’کرسٹیان لوبوٹن‘ نے پاکستان کی مشہور’پشاوری چپل‘ سے متاثر ہوکر ’عمران سینڈل‘ متعارف کرادیے ہیں۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ’ٹی آرٹی‘ کے مطابق البتہ یہ بات تاحال صیغہ راز ہے کہ لوبوٹن نے ’عمران چپل‘ کو وزیراعظم عمران خان کے نام سے منسوب کیا ہے اور یا یہ کہ اس کا ارادہ متعارف کرائی گئی عمران سینڈل کو اپنے پاکستانی فیشن ڈیزائنر دوست عمران قریشی کے نام سے موسوم کرنے کا ہے۔

ٹی آر ٹی کے مطابق کچھ عرصہ قبل معروف فیشن ڈیزائنر سر پال اسمتھ کو بھی پشاوری چپل نے کافی متاثرکیا تھا۔ انہوں نے اس کے بعد ویسی ہی چپل ’رابرٹ سینڈلز‘ کے نام سے بنا کر مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کی تھی۔

ترکی کے نشریاتی ادارے ٹی آرٹی کے مطابق رابرٹ سینڈلز کے نام سے مارکیٹ میں فروخت کی جانے والی چپل کی جوڑی کی قیمت 595 ڈالرز (تقریباً 84 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کی گئی تھی۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی گزشتہ دنوں جب پی ایس ایل سیزن -4 کے سلسلے میں پشاور آئے تھے تو وہ بھی پشاوری چپل کے دلدادہ نکلے تھے۔

معروف چپل ساز جہانگیر صافی نے پشاور زلمی کے کپتان کے لیے تین مختلف رنگوں کی پشاوری چپل کا تحفہ پیش کیا تھا جسے پا کر وہ نہایت مسرور دکھائی دیے تھے۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے معروف کرکٹر ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ پختون روایت کا حصہ پشاوری چپل پہن کر انہیں بے حد خوشی ہو رہی ہے۔

ہم نیوز نے اس وقت خبر دی تھی کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کے پاؤں کا نمبر 14 ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے 80 اور90 کی دہائیوں میں جینز پر ’کھیڑی‘ پہنی تو وہ نوجوانوں میں ازحد مقبول ہوئی تھی اور انہوں نے نہایت ذوق و شوق سے جینز پر ’کھیڑی‘ پہننا شروع کردی تھی۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ایک عرصے سے عوامی مقامات سمیت جلسوں و جلوسوں میں پشاوری چپل پہن کر شریک ہوتے ہیں۔ ان کی دیکھا دیکھی بھی لوگوں میں پشاوری چپل کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔

پشاور سے چپل سازوں نے کچھ عرصہ قبل خصوصی طور پر پشاوری چپل تیار کرکے بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کو بھی بھیجی تھی۔

بالی ووڈ کے ممتاز اداکاروں دلیپ کمار، راج کپور، انیل کپور اور شاہ رخ خان یا تو خود پشاور سے بھارت گئے تھے اور یا پھر ان کے آباؤ اجداد کا تعلق خیبرپختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور سے رہا ہے۔


متعلقہ خبریں