بلوچستان: قلعہ سیف اللہ میں یوتھ فیسٹیول کا انعقاد

بلوچستان: قلعہ سیف اللہ میں یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد

فوٹو: ہم نیوز


قلعہ سیف اللہ: فرنٹئیر کور بلوچستان کے زیر اہتمام قلعہ سیف اللہ میں یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سول انتظامیہ، ایف سی حکام، طلبا وطالبات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور بلوچستان میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا کہ آج کے اس فیسٹیول میں عوام کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے۔ بلوچستان کی غیورعوام ملک دشمن عناصر کے خلاف سینہ سپر ہے اور قیام امن کی خاطر ہر طرح کی قربانی کیلئے تیار ہیں ۔

فرنٹئیر کور بلوچستان نے یوتھ سپورٹس فیسٹیول کے ذریعے قلعہ سیف اللہ کے نوجوانوں کو تفریح کا موقع فراہم کیا ہے ۔ ہمیں دنیا کو دیکھانا ہے کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت اور محب وطن ہیں جو ملک کی ترقی کےلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

 

انہوں نے کہا کہ پولی ٹیکنیکل کالج خانوزئی اور مسلم باغ میں جلد ہی تزئین و آرائش، انٹرنیٹ کی سہولت اور ڈیجیٹل لائبریری کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ قلعہ سیف اللہ میں ایف سی پبلک اسکول کی تعمیر مکمل کی گئی جس میں تین سو سے زائد بچے اور بچیاں زیر تعلیم ہیں ۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے کہا کہ قلعہ سیف اللہ کے غیور عوام سے امید کرتا ہوں کہ وہ علاقے کی ترقی و بہتری کی خاطر ملک دشمن عناصر کو پنپنے نہیں دیں گے اور دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں اپنا مثبت کردار ہمیشہ کی طرح ادا کرتے رہیں گے۔

آپریشن ردالفساد میں پاکستان کا ہر شہری دہشتگردی کے خلاف سپاہی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ عوام کو جہاں بھی مشکوک سرگرمی، دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کے متعلق کوئی بھی معلومات ملیں تو ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں۔

آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ پشین، ژوب، چمن، قلعہ سیف اللہ اور لورالائی میں یوتھ سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد صوبے کے نوجوانوں میں ذہنی ہم آہنگی پیدا کرنے کے علاوہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

تقریب کے آخر میں آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے یوتھ اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر قلعہ سیف اللہ سکاوٹس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فرنٹئیر کور بلوچستان عوام کی تعاون سے پائیدار امن کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

یوتھ سپورٹس فیسٹیول کے افتتاحی تقریب میں عوام کی تفریح کیلئے فٹبال میچ ، کشتی ، رسہ کشی کے مقابلوں کے علاوہ سکولوں کے بچوں نے ملی نغموں اور ٹیبلو کے ذریعے پاک وطن سے محبت کا اظہار کیا ۔
فیسٹیول کے آخر میں آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ اور قبائلی عمائدین نے مختلف کھیلوں میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعام اور شیلڈ تقسیم کیئے ۔


متعلقہ خبریں