لاہور: وزیراعظم نے جناح ایکسپریس کا افتتاح کردیا


لاہور: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹرین ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لیے چین سے مدد لیں گے۔

لاہور میں جناح ایکسپریس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ چین ریلوے ٹیکنالوجی میں دنیا میں سب سے آگے ہے، اپنے دورہ چین کے دوران اس حوالے سے بات کروں گا۔ عمران خان نے کہا کہ چین نچلے طبقےکو اوپرلے کر آیا اور ترقی کرگیا۔

ان کا کہنا ہے کہ وزارت پٹرولیم کو کہوں گا کہ مصنوعات کی ترسیل ریلوے کے ذریعے کی جائے، کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون بننا انقلابی قدم ہوگا، ملک میں ریلوے کی پٹڑی کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے مجھے مزدوروں کی تنخواہ بڑھانے کی درخواست دی ہے، عام آدمی ریلوے کےذریعے سفر کرتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ غریب طبقے کیلیے ہیلتھ انشورنس شروع کر رہے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ تمام مزدوروں کو ہیلتھ کارڈ ملنا چاہیے، جتنی مہنگائی ہے مزدوروں کی تنخواہ میں اضافہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمران اپنی چھٹیاں لندن میں گزارتے تھے، گزشتہ وزرائے اعظم کی طرح بادشاہ بن کر پیسے نہیں بانٹ سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلیے ہمیں ریلوے کو مزید بہتر کرنا ہے، اس میں ریلوے کا کردار اہم ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جس محنت سے شیخ رشید ریلوے کو بہتر کررہے ہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں۔

جناح ایکسپریس پاکستان ریلویز کی سب سے لگژری نان اسٹاپ ٹرین ہے جو 16 گھنٹوں میں کراچی سے لاہور پہنچے گی اوراور راستے میں تین جنکشنز حیدرآباد، روہڑی اور خانیوال پر ہی کچھ دیر کا قیام کرے گی۔ کراچی سے لاہور کا کرایہ ساڑھے 6 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان ریلویز کی وی آئی پی لگژری ٹرین کل سے سفر کا آغاز کرے گی۔ نان اسٹاپ جناح ایکسپریس 12 ایئر کنڈیشنز بزنس کوچز پر مشتمل ہے جس میں ایک ڈائننگ کار بھی ہوگی اور دو پاور پلانٹ بھی ٹرین کا حصہ ہیں۔

جناح ایکسپریس کراچی سے سہ پہر تین بجے روانہ ہو گی اور اگلی صبح ساڑھے سات بجے لاہور پہنچے گی۔ لاہور سے دوپہر کو ڈھائی بجے سفر کا آغاز کرے گی اور اگلی صبح سات بجے کراچی پہنچے گی۔

پاکستان ریلویز کی جانب سے ٹرین کا یکطرفہ کرایہ بڑوں کیلئے 6500 اور بچوں کیلئے4900 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ جو مسافر عجلت کے باعث بنا ٹکٹ سوار ہونگے انہیں  1350 اضافی چارجز کے ساتھ ٹرین میں ہی ٹکٹ دیا جائے گا۔

دیگر ٹرینوں کے برعکس جناح ایکسپریس کی ایڈوانس بکنگ پر پانچ فیصد رعایت نہیں رکھی گئی  البتہ پاک فوج کے جوانوں کو کرائے میں خصوصی رعایت حاصل ہو گی۔


متعلقہ خبریں