پنجاب گیمز میں خواجہ سراؤں کے مقابلے کروانے کا اعلان

پنجاب گیمز میں خواجہ سراؤں کے مقابلے کروانے کا اعلان

لاہور : تبدیلی سرکار کی طرف سے  خواجہ سراؤں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے ایک اور قدم سامنے آیاہے۔ پنجاب گیمز میں خواجہ سراوں کے مقابلے کروانے کا اعلان کردیا گیاہے۔
یاد رہے آٹھ سال بعد پنجاب گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس مرتبہ پنجاب حکومت کی طرف سے گیمز میں تیسری جنس یعنی خواجہ سراؤں کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔

ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب نے کہاہے کہ خواجہ سراؤں کو جان لڑانے کیلئے پہلی بار میدان میں موقع دے رہے ہیں،پنجاب گیمز میں رسہ کشی، ون لیگ ریس اور چاٹی ریس کے مقابلے ہونگے۔

پنجاب حکومت کے اعلان کے بعد خواجہ سراووں نے بھی پریکٹس کا آغاز کردیا ہے۔ تمام گیمز میں شرکت کیلئے خواجہ سرا پنجاب اسٹیڈیم میں بھرپور ٹریننگ میں مگن ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:لودہراں میں خواجہ سراؤں کا پہلا اسکول

خواجہ سراؤں نے کہا ہے کہ ایتھلیٹ بننے کے شوق میں ڈائیٹ کا بھی خاص خیال رکھنے کا عزم کرلیا ہے

پنجاب گیمز تین سے چھ اپریل تک لاہور میں منعقد ہوں گی۔ پنجاب گیمز میں پچاس سے زائد خواجہ سرا تین مختلف کٹیگریز میں ایک دوسرے کے  مدمقابل آئیں گے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے اس سے قبل  جنوبی پنجاب کے ضلع لودہراں میں خواجہ سراؤں کا پہلا اسکول بھی قائم کیا ہے۔ اس اسکول میں درجنوں خواجہ سراء تعلیم حاصل کرنے پہنچ گئے ہیں۔

سڑکوں پر گھومنے، شادیوں پر ناچنے اور ٹریفک سگنل پر ادائیں دکھانے والے خواجہ سراء اب تعلیم حاصل کریں گے۔ لودہراں میں محکمہ لٹریسی کے زیراہتمام جنوبی پنجاب کا پہلا اسکول قائم کیا گیاہے۔

تین ماہ کے اس کورس میں خواجہ سراؤں کو بنیادی تعلیم اور مذہب کے متعلق آگاہی دی جائے گی۔ حکومت پنجاب کی ہدایت پر خواجہ سراوں کی تربیت کے لیے یہ کورس شروع کیا گیا ہے۔اسکول کے قیام پر خواجہ سراؤں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

خواجہ سراؤں کے گرو کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اسی توجہ کے ساتھ ہمیں پڑھنے کے مواقع فراہم کرے گی تو بہت سے اور بھی خواجہ سراء پڑھنے اسکول میں آئیں گے۔


متعلقہ خبریں