90 فیصد پاکستانی عازمین حج کی امیگریشن پاکستان ہی میں ہوگی


روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت رواں سال حج پر 90 فیصد پاکستانی عازمین کی امیگریشن سعودی عرب کے بجائے پاکستان میں ہوگی۔

اس پیشرفت کے باعث رواں سال عازمین کو سعودی عرب کے ائیرپورٹس پر امیگریشن کیلئے گھنٹوں گھنٹوں انتظار کی زحمت سے نہیں گزرنا پڑے گا۔

سعودی عرب نے پاکستان کو روڈ ٹو مکہ منصوبہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ معاملات طے کرنے کیلئے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد یکم اپریل کو پاکستان پہنچے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وفد 14 ارکان پر مشتمل ہوگا جس کی سربراہی ڈی جی پاسپورٹ کریں گے ۔

وفد اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کراچی ایئرپورٹس کا دورہ کرے گا اور سہولیات کا جائزہ لے گا۔

وزارت مذہبی امور، وزارت خارجہ، وزارت داخلہ اور ایوی ایشن ڈویژن کے حکام سعودی وفد کی معاونت کریں گے۔

خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سعودی مہمان سے پاکستانی حجاج کو پاکستان میں امیگریشن کی سہولت دینے اورسعودی عرب میں معمولی جرائم میں قید تین ہزار پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست  کی تھی۔

مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کی پاکستان آمد: اربوں ڈالرز کے معاہدوں، ایم او یوز پر دستخط

بعدازاں محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔

اس کے علاوہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کے بعد بتایا تھا کہ برادر ملک نے پاکستان کو ای ویزہ سہولت والے ملکوں میں شامل کر لیا جبکہ سعودی حکومت نے پاکستان کے لیے حج کوٹہ دو لاکھ کردیا۔

سعودی ولی عہد کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے کئی اہم معاہدے طے پائے تھے۔


متعلقہ خبریں