نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کاانکشاف


لاہور : سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ ان کے ٹیسٹ دو روز قبل کیے گئے تھے۔

نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ان کے دل کی بائیں شریان ٹھیک طریقے سے کام نہیں کر رہی ہے۔

ڈاکٹروں نے نواز شریف کی ای سی جی رپورٹ کو بھی غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دل کی دھڑکن میں اتار چڑھاؤ میں بے ترتیبی ہے۔

رپورٹ میں نواز شریف کو پیس میکر اور آئی سی ڈی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹروں نے نواز شریف کا فولٹر اور ایکو ٹیسٹ اگلے ہفتے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فولٹر کے ذریعے دل کی دھڑکن کی 48 گھنٹوں تک نگرانی کی جاتی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق ان اقدامات کا مقصد نواز شریف کی دل کی دھڑکن کو معمول پرلانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں نواز شریف کا سٹی میڈیکل کمپلیکس میں طبی معائنہ

نواز شریف کے میڈیکل ٹیسٹوں کی رپورٹ لندن میں ان کے معالج ڈاکٹر لارنس سے بھی شئیر کی جائیں گی اور آئندہ علاج سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔

گزشتہ روز نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا تھا کہ شریف میڈیکل سٹی میں مختلف شعبوں کے ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو 24 گھنٹے نوازشریف کی طبی معاونت کے لیے موجود رہے گی۔

واضح رہے  نواز شریف کی جیل سے طبی بنیادوں پر رہائی کے بعد اُن کا علاج شریف میڈیکل سٹی کمپلیکس سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں سپریم کورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرلی

26 مارچ کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں چھ ہفتوں کے لیے علاج کرانے کی اجازت دی تھی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چھ ہفتے بعد ضمانت ازخود منسوخ ہوجائے گی اور نوازشریف نےخود کو قانون کے حوالے نہ کیا توگرفتار کر لیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں