تیج بہادر کا نریندر مودی کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان


نئی دہلی: بھارت میں ناقص کھانے کی شکایت کرنے پر برطرف ہونے والے بھارتی فوجی تیج بہادر نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تیج بہادر کا کہنا ہے کہ وہ نریندر مودی کے حلقے ورانسی (اترپردیش) میں ان کے خلاف آزاد حیثیت میں الیکشن لڑے گا۔

بی ایس ایف کے سابق کانسٹبل کا کہنا ہے کہ وہ کرپشن کے خاتمے کے لیے الیکشن لڑنا چاہتا ہے، اس نے کہا کہ میں نے کرپشن کا معاملہ اٹھایا جس پر مجھے برطرف کردیا گیا، پہلی ترجیح فورسز سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں بھارت میں عام انتخابات کی تاریخ کااعلان

واضح ہے کہ بی ایس ایف کے کانسٹبل تیج بہادر نے بھارتی فوج کے اعلیٰ حکام پر جوانوں کو ناقص خوراک کی فراہمی اور راشن میں خردبرد کے الزامات کے ساتھ ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر کی تھی۔

اسی ویڈیو کے کچھ دنوں بعد تیج بہادر نے ایک اور ویڈیو بھی شئیر کی تھی جس میں اس نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر بھارتی فوج میں موجود بدعنوان عناصر کے خلاف تحقیقات نہ کی گئیں تو وہ ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوجائے گا اور اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

تیج بہادر 28 بٹالین بارڈرسیکیورٹی فورس کا حصہ تھا اور 2017 میں اسے سمری سکیورٹی فورس عدالت نے دوران ڈیوٹی پر دو موبائل فون رکھنے اور سوشل میڈیا پر تصاویرلگانے پر نوکری سے نکال دیا تھا۔

بھارت میں سات مرحلوں میں ہونے والے عام انتخابات کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا۔


متعلقہ خبریں