ملتان میٹرو بس کے پل سے پتھر گرنے لگے


ملتان میں اربوں روپے مالیت سے تیار ہونے والی میٹرو بس منصوبے کے پلرز دو سال میں ہی کمزور ہونے لگے۔

30 ارب کی خطیر رقم سے میٹرو بس منصوبہ بنا یا گیا جو ابھی سے خستہ حال ہونا شروع ہو گیا ہے۔

بوسن روڈ پر چونگی نمبر 6کے قریب میٹرو بریج سے کنکریٹ کا ٹکرا گاڑی پر گرا جس سے گاڑی کا شیشہ ٹوٹ گیا لیکن خوش قسمتی سے کار میں سوار فیملی محفوظ رہی۔ کار سوار خاندان کوٹ ادو سے ڈاکٹر کے پاس چیک اپ کے لئے آیا تھا۔

کار کے مالک محمد آصف کا کہنا ہے کہ ملبہ گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا ہے لیکن ضلعی یا میٹرو بس انتظامیہ کا کوئی اہلکار موقع پر نہیں پہنچا۔

دوسری جانب ملبہ گرنے سے بوسن روڈ پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی جبکہ شہری ڈرتے ہوئے میٹرو بس بریج کے نیچے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

مزید پڑھیں: نیب کی ملتان میٹرو بس کرپشن کیس میں گرفتاریاں

واقعے کے بعد انتظامیہ نے بریج کے نیچے سے گزرنے والے ٹریفک کو بند کردیا ہے۔ سٹرک کو پل کی مرمت کے بعد کھولا جائے گا۔

خیال رہے کہ ملتان میٹرو منصوبے میں مبینہ کرپشن کے سلسلے میں کئی گرفتاریاں بھی ہوچکی ہیں۔

گزشتہ سال ستمبر میں ملتان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا اور میٹرو بس منصوبے کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔

نیب حکام نے دو ایکسیئن، ایک انجینئر اور ایک ایس ڈی او کو بھی تحویل میں لے لیا، اس کے ساتھ ساتھ پیشی پر آئے ہوئے ڈائریکٹر انجینیئرنگ نذیر چغتائی کو بھی حراست میں لے لیا۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق  سات افراد گرفتار کیے گئے۔


متعلقہ خبریں