وزیر اعظم کا بھکر حادثے پر اظہار افسوس

وزیر اعظم کا بھکر حادثے پر اظہار افسوس

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے بھکر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹوئٹ  میں کہا ہے کہ اسکول سے آنے والی 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور کی اموات بڑا نقصان ہے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کے لیے دُعا اور متاثرہ خاندانوں کے اظہار تعزیت کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھکر کے علاقے جیسے والا کے قریب مسافر بس نے  طالبات کے رکشہ کو کچل دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں چھ طالبات اور رکشہ ڈرائیور سمیت 7 افراد جاں بحق  ہو گئے تھے۔

حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد بس کے نیچے پھنس گئے تھے۔ جنہیں بس کے نیچے سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

حادثے  میں جاں بحق ہونے والی طالبات امتحان دینے کے بعد امتحانی سینٹر سے واپس آ رہی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر بھکر اور ڈی پی او نے براہ راست امدادی کاموں کی نگرانی کی۔

حادثہ کے بعد مقامی افراد نے روڈ کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کرکے احتجاج کیا تھا جب کہ مشتعل مظاہرین نے رکشے کو کچلنے والی بس کو آگ لگا دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں کوہستان میں ویگن کو حادثہ، 17 افراد جاں بحق

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے  بھکر کے قریب جھنگ روڈ پر ٹریفک حادثے میں طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کرنے کا حکم دیا

اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں موٹروے انٹرچینج کالا شاہ کاکو کے قریب مطالعاتی دورے پر جانے والی طلبا کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 25 بچے زخمی ہو گئے تھے۔ اسکول بس لاہور سے کھیوڑہ جا رہی تھی کہ موٹروے پر الٹ گئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔


متعلقہ خبریں