بغیر اجازت دوسری شادی، شوہر پر سزا اور جرمانہ


لاہور: جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیوی کی اجازت کے بغیر دوسری شادی کرنے والے شوہر کو تین ماہ قید اور پانچ ہزار جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔

رابعہ یوسف نے عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ ان کے شوہر شعیب زاہد نے رضامندی کے بغیر دوسری شادی کی ہے۔

دوران سماعت وکیل نے گواہ اور دستاویزی ثبوت عدالت میں پیش کیے اور مسلم فیملی لا آرڈیننس 1961 کے سیکشن چھ کی خلاف ورزی پر ملزم کو سزا دینے کی استدعا کی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے دلائل کے بعد تمام حقائق کا جائزہ لیا اور کہا کہ ثبوتوں اور دستاویزات سے ملزم کا جرم ثابت ہوتا ہے جس پر عدالت نے شعیب زاہد کو تین ماہ قید اور پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: دوسری بیوی نے برطانوی شہریت رکھنے والے شوہر کو گھر سے نکال دیا

اس سے قبل 2017 میں بھی اسی نوعیت کا ایک کیس عدالت کے سامنے آیا تھا جس میں خاتون نے شوہر کی بغیراجازت شادی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے کیس کی سماعت میں ملکی تاریخ میں پہلی بار شوہر کو دو لاکھ روپے جرمانہ اور چھ ماہ کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔

قانون کے تحت دوسری شادی سے قبل پہلی بیوی سے اجازت لینا لازمی قراردیا گیا ہے، اپنی مرضی سے بغیراجازت شادی کرنے والے شخص کو عدالت سزا دینے کا اختیار رکھتی ہے۔


متعلقہ خبریں