ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

فائل فوٹو۔–


اسلام آباد: ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بلڈ پریشر کی دوا ایوسار پلس کی قیمت 180 تھی اب بڑہ کر 480 ہوگئی جبکہ ناروسک، ٹرائفوج، ایڈینال میں بھی 20 سے 30 فیصد کا اضافہ کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح کچھ ادویات کی قیمتوں میں سو فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔

ادویات کی مہنگے داموں فروخت نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے۔ 40 فیصد تک اضافے نے شہریوں کو خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور کردیا ہے۔ شہریوں نے حکمران وقت سے ریلیف کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ادویات کی قیمتوں میں 35 فیصد تک اضافہ

دوسری جانب بیماریوں سے لڑتے مریضوں کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے نے دہرے کرب میں مبتلا کردیا ہے۔ بلڈ پریشر کی دوا کی نئی قیمت سن کر فشار خون کا نارمل رہنا ممکن نہیں رہا۔ جو کراچی میں ایک سواسی روپے سے بڑھا کر چارسواسی روپے کردی گئی ہے۔

ایک بیماری، دوسرا آسمان کو چھوتی ادویات کی قیمتیں۔ حکومت نے دوائیں مہنگی کرکے مریضوں کے سر پر ایک اور پہاڑ توڑ دیا۔ ادویات کی قیمتوں میں ڈیڑھ سو فیصد سے زیادہ اضافہ کیا گیا ہے۔

ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ چند ماہ سے لگاتار اضافہ کیا جارہا ہے۔ جس کے باعث غریب شہری دوا کی قیمت سن کر میڈیکل اسٹور سے واپس لوٹ جاتے ہیں۔

شعبہ طب سے تعلق رکھنےافراد کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی وجہ سے ایسے افراد سب سے زیادہ متاثر ہوں گے جو غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پرمجبور ہیں۔

حکومت کی طرف سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام  نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیا ہے۔ لوگ ادویات کی نئی پرانی قیمتیں نیا اور پرانا پاکستان لکھ کر شیئر کررہے ہیں۔

ہم نیوز نے عوام کی آگاہی کیلئے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی کچھ تصاویر کو اس خبر کا حصہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک صارف نے ٹویٹ کیا کہ لوگوں نے عمران خان کو ووٹ زندگی بہتربنانے کیلئے دیا تھا لیکن مہنگائی پہلے کی نسبت مزید بڑھ چکی ہے۔

 


متعلقہ خبریں