ترکی میں حکمراں جماعت کو 15 سال بعد شکست کا سامنا


استنبول: ترکی کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت اے کے پی 15 سال بعد انقرہ سے ہار گئی ہے لیکن ملک میں مجموعی طور پر حکمران جماعت کو برتری حاصل ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترکی کے دارالحکومت انقرہ اور استنبول میں بلدیاتی انتخابات کے دوران حکمراں جماعت کو شکست کا سامنا ہے۔ ترکی میں 15 سال حکمرانی کرنے والے صدر طیب اردوان کی جماعت کو انقرہ میں شکست ہوگئی جب کہ اپوزیشن جماعت سی ایچ پی کے منصور یواس 50 فیصد ووٹ حاصل کر کے میئر منتخب ہو گئےہیں۔

انقرہ میں ترک حکمراں جماعت کے مہمت اوزاسکی 47 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔

استنبول میں بھی حکران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان سخت مقابلہ ہوا ہے جب کہ جاری گنتی کے مطابق حکمراں جماعت کے امیدوار سابق وزیر اعظم بن علی یلدرم 41 لاکھ 11 ہزار 219 ووٹوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں جب کہ اپوزیشن جماعت کے ایکرم امام اگلو 41 لاکھ 6 ہزار 776 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

ملک بھر کے نتائج کے مطابق صدر طیب اردوان کی جماعت اے کے پی کو کُل 52 فیصد ووٹ ملے ہیں جب کہ اپوزیشن الائنس نے 38 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔

اپوزیشن جماعت نے استنبول میں بھی کامیابی کا دعویٰ کر دیا ہے

ترک صدر طیب اردوان نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر استنبول میں میئر شپ نہ بھی ملی تو ڈسٹرکٹ کونسل میں انہی کے حامیوں کا کنٹرول ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں عمران خان کی حکمت عملی طاقت اور اعتماد کی عکاس ہے،ایردوان

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کچھ کمزوریاں ہیں جنہیں دور کرنا ہمارا فرض ہے۔

کرد اکثریتی جنوب مشرقی علاقے میں کرد حمایت یافتہ ایچ ڈی پی جیت گئی ہے جب کہ کئی شہروں میں حکمراں جماعت کو کامیابی ملی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیب اردوان کی ناکامی کی وجہ ملک میں معاشی سست روی، بے روز گاری میں اضافہ اور مہنگائی ہے۔

ترکی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی، آزاد ترکی پارٹی، گرینڈ نیشنل پارٹی، ریپبلکن پیپلز پارٹی، ڈیموکریٹ  پارٹی، ڈیمو کریٹک لیفٹ پارٹی، پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی، ای پارٹی، نیشنلسٹ موومنٹ پارٹی، سعادت پارٹی، ٹرکش کمیونسٹ پارٹی اور وطن پارٹی نے انتخابات میں حصہ لیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ترکی میں ہونے والے لوکل باڈی انتخابات میں ترک صدر رجب طیب اردووان کو مبارکباد دی ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا ہے ۔

عمران خان نے لکھا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ترکی میں پاکستان کے دوست رجب طیب کو ایک اور کامیابی ملی ہے ۔ پاکستان کے عوام خواہش کرتے ہیں کہ انہیں مزید کامیابیاں ملیں۔


متعلقہ خبریں