قریشی کا بیان: پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کی حمایت میں بول پڑے


لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سینیئر پارٹی رہنما جہانگیر ترین کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں پلچل مچ گئی ہے۔

آج لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران جہانگیر ترین کی سرکاری اجلاسوں میں موجودگی سےمتعلق سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کی بے پناہ کاوشیں ہیں، میں کل بھی ان کی کاوشوں کا معترف تھا اور آج بھی ہوں لیکن ان سے کہوں گا سوچیے، آج جب آپ سرکاری میٹنگز میں بیٹھتے ہیں تو مریم اورنگزیب کو بولنے کاموقع ملتا ہے، (ن) لیگ اس پر سوال اٹھاتی ہے کہ کیا یہ عدالت کی توہین نہیں؟  تحریک انصاف کا کارکن اس کو ذہنی طور پر قبول نہیں کرپارہا۔

شاہ محمود قریشی کے بیان پر جہانگیر ترین کا ردعمل بھی سامنے آیا۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ میں جہاں بھی جاتا ہوں وزیر اعظم عمران خان کی مرضی اور خواہش پر جاتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی معاملات کے حوالے سے میں صرف اور صرف وزیر اعظم کو جواب دہ ہوں- پاکستان کی خدمت میرا حق ہے اور اس حق کو شاہ محمود سمیت کوئی بھی مجھ سے چھین نہیں سکتا۔

اب دیگر پی ٹی آئی رہنما بھی اس بحث میں شامل ہوگئے ہیں۔ فیصل واوڈا کا اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سرکاری اجلاسوں میں میرے اور دیگر کابینہ ارکان کے اصرار پر بیٹھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے بغیر کسی غرض کے پارٹی کے لئے خدمات انجام دیں، ان کی سینیئر ساتھی ہونے کی حیثیت سے احترام کرتے ہیں اور ان کے تجربات سے استفادہ کرتے ہیں۔

فیصل واوڈا کے مطابق پارٹی میں کوئی ہمیں ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا، وزیراعظم عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ہم صرف ان سے ہی ہدایات لیتے ہیں۔

دوسری جانب وزیر خزانہ خیبر پختونخواہ خزانہ تیمور خان جھگڑا نے بھی جہانگیر ترین کے حق میں آواز بلند کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین سے بہت کچھ سیکھا۔

وزیراعلیٰ کے مشیر عون چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین نے پا رٹی کے لئے بہت کچھ کیا، جہانگیر ترین کی ملک اور پارٹی کے لئے لازوال خدمات ہیں۔

عون چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اجلاسوں میں جہانگیر ترین کی شرکت سے فائدہ ہوتا ۔

بعدازاں وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا کہ آج تحریک انصاف اگر حکومت میں ہے تو اس میں ایک بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ان کی شرکت وزیر اعظم کی خواہش پر ہوتی ہے، اکابرین کو وزیر اعظم کی خواہش کا احترام کرنا چاہئے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے خلاف عدالتی فیصلہ بدقسمتی تھی، وہ انتخابات سے باہر ہوئے ہیں پی ٹی آئی ورکرز کے دلوں سے نہیں۔

وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے ٹوئٹ میں کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن  کے طور پر مجھے جہانگیر ترین کے لئے بہت احترام ہے، وہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہر قسم کے حالات میں کھڑے رہے۔

مراد سعید نے کہا کہ پارٹی کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی اور ان کا نام تاریخ میں ایک وفادار ساتھی کے طور پر یاد کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ شاہ محمود قریشی سمیت ہم سب کے دلوں میں جہانگیر خان ترین کی بہت قدر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کیلئے جہانگیر ترین کی خدمات قابل تحسین ہیں، نا اہلی کے فیصلے کے باوجود وہ اپنا زیادہ وقت پارٹی کو دیتے ہیں۔

غلام سرورخان کے مطابق جہانگیر خان ترین کی پارٹی سے وفاداری قابل تقلید ہے، انہوں نے ثابت کیا کہ پاکستان کی خدمت پارلیمنٹ سے باہر رہ کر بھی کی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں