پاکستان میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی


اسلام آباد: پاکستان شماریات بیورو نے مہنگائی کے ماہانہ اعداد و شمار سے متعلق رپورٹ جاری کردی ہے، ملک میں مہنگائی پانچ سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں سال مارچ 2019 میں مہنگائی کی شرح 9.4 فیصد تک پہنچ گئی، مہنگائی کی شرح میں فروری کی نسبت مارچ میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں سالانہ کی بنیاد پر سی این جی کی قیمتیں 25.3 فیصد بڑھیں جبکہ ایل پی جی سیلنڈر 13.4 اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 13.1 فیصد سے زائد مہنگا ہوا۔

سبزیوں، دالوں اور گوشت کے نرخوں سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ سالانہ کی بنیاد پر سبز مرچیں 151 فیصد، ٹماٹر 315 فیصد اور سرخ مرچیں 27.6 فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ دال کی قیمتوں میں ایک سال کے دوران 22.7 اور گوشت کی قیمتیں 13.8 فیصد بڑھیں۔

ماہانہ کی بنیاد پر پیاز 39.2 فیصد، کینو 22.3 فیصد، ٹماٹر کی قیمت میں ایک ماہ میں 18.8 فیصد، کیلا 15 فیصد جبکہ دال مونگ کی قیمت ایک ماہ کے دوران 12.6 فیصد اور لہسن 11 فیصد مہنگا ہوا۔

پاکستان شماریات بیورو کے مطابق کتابوں کی قیمتیں 31.3 اور ٹیوشن فیس میں 27.7 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سیمنٹ کی قیمتیں ایک سال کے دوران 13.9 فیصد بڑھ گئیں۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت گزشتہ ماہ میں 4.4 فیصد بڑھیں اور کرایوں میں 13.4 فیصد اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں