خود ساختہ جہاز بنانے والا نوجوان قومی ہیرو ہے، فخر عالم



پاکپتن: گلوکار فخر عالم نے پولیس کی جانب سے خود ساختہ جہاز بنانے اور اڑانے پر ایک نوجوان کو گرفتار کئے جانے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ نوجوان ایک قومی ہیرو ہے، ان کی گرفتاری کی اگر کوئی تائید کرے گا تو کم از کم وہ مجھ سے کسی اچھے جواب کی توقع نہ رکھے۔

انہوں نے کہا کہ بے شک سول ایوی ایشن اتھارٹی کے قوائد و ضوابط موجود ہیں جن پر عمل کرنا چاہئے تاہم یہ ایک غیر معمولی کہانی ہے اور ایسے ٹیلنٹڈ نوجوان کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے اور قانون کے اندر رہتے ہوئے اسے کام کرنے کی اجازت دی جانی چاہیئے۔

فخرعالم نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پنجاب حکومت کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کا حکم دیں۔

انہوں نے کہا کہ اس نوجوان کا ایک انٹرویو ہونا چاہئے اور اس پوچھا جانا چاہئے کہ وہ کیسے جہاز بنانے میں کامیاب ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس نوجوان کو قومی ہیرو کی طرح دیکھا جانا چاہئے کیونکہ اس طرح کے واقعات نوجوانوں کو ایوی ایشن کی فیلڈ میں آنے کے لئے متاثر کریں گے۔

یاد رہے صوبہ پنجاب کے ضلع پاکپتن سے تعلق رکھنے والے فیاض نامی نوجوان نے خود ساختہ جہاز بنایا جس پر مقامی پولیس نے اسے گرفتار کر لیا تھا تاہم بعد ازاں اسے ضمانت پر رہا کر دیا۔

نوجوان نے اپنا تیارکردہ جہاز فضا میں بلند کرکے کرتب بھی دکھائے اور اپنا خوب شوق پورا کیا لیکن اسے کیا خبر تھی کہ اجازت کے بغیر ہوابازی کرنے پر اسے جیل کی ہوا بھی کھانا پڑسکتی ہے جہاز نے جیسے ہی زمین پر لینڈنگ کی تو پولیس نے فیاض کو دھر لیا۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ مشکل سے پیسے جمع کرکے جہاز بنایا، حوصلہ افزائی کے بجائے گرفتارکرلیا گیا۔

پولیس نے جہاز اڑانے والے نوجوان کے خلاف تھانہ رنگ شاہ میں مقدمہ درج کیا اور عدالت پیش کردیا۔ سول عدالت کے جج طیب اسحاق نے نوجوان کو تین ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے اس کی ضمانت منظور کرلی۔

پولیس کا موقف تھا کہ ملزم نے حکومتی اجازت کے بغیرجہازبنایا اور اڑایا، دوران پرواز خطرناک کرتب بھی دکھائے، جس کے نتیجے میں حادثہ بھی پیش آسکتا تھا.

مقامی پولیس نے محمد فیاض نامی شخص کو گرفتار کر کے منی جہاز سمیت تھانے منتقل کردیا تھا۔

اے ایس آئی پاکپتن کی مدعیت میں درج مقدمہ کا متن ہے کہ جہاز بغیر پرمٹ کے بنایا گیا، نوجوان نے جہاز پر خطرناک کرتب بھی دکھائے، پولیس پہنچی تو جہاز لینڈ کررہا تھا۔

جہاز اڑانے والا نوجوان محمد فیاض

پولیس کے مطابق ملزم نے 500 سے 600 لوگوں کے مجمعے میں  سنگین انداز میں کرتب دکھائے تاہم کو حادثہ پیش نہیں آیا، پولیس نے محمد فیاض سے جہاز اڑانے کا پرمٹ طلب کیا لیکن کو پولیس کو حکومت پاکستان کا اجازت نامہ فراہم نہیں کر سکا۔

ایف آئی آر کے مطابق نوجوان کو منی جہاز اور دیگر سامان سمیت تھانے منتقل کردیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ملزم کے خلاف دائر مقدمے میں 285، 286 اور 287 کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے فخر امام نہ صرف اپنی گلوکاری اور میزبانی کی وجہ سے مشہور ہیں وہی ہوا بازی میں بھی انہوں نے اپنے فن کا لوہا منوایا ہے ۔

گزشتہ سال انہوں نے پوری دنیا کے گرد ہوائی سفر کامیابی سے مکمل کیا تھا اور اس طرح وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے پاکستانی بھی بنے تھے۔


متعلقہ خبریں