شاہ محمود نے جہانگیر ترین سے متعلق جائز سوال اٹھایا، ملک احمد خان


اسلام آباد: رہنما مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جہانگیر ترین سے متعلق ایک جائز بات کی ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام نیوز لائن میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کا اختلاف علاقائی سیاست کے تحت ہے پارٹی کی حد تک ان کا اختلاف بے معنی سا لگتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت میں اختلافات کی باتوں کا سامنے آنا وزیراعظم عمران خان کی لیڈرشپ پر سوالیہ نشان ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ زیادہ تر میڈیا سے چھپ نہیں سکتا بہت جلد یہ خبریں بھی میڈیا پر چلیں گی ۔

پی ٹی آئی ایک غیر فطری اتحاد کا نام ہے، پلوشہ خان

رہنما پیپلز پارٹی پلوشہ خان نے کہا کہ الیکشن سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے اندر مختلف پارٹیوں کے لوگوں کو ملا کر ایک غیر فطری اتحاد بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کشتی ڈوبنے لگی ہے تاہم شاہ محمود قریشی اور ان جیسے دیگر رہنما اسے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود ایک نپی تلی بات کرنے والے سیاست دان ہیں وہ ہمیشہ سوچ سمجھ کر بات کرتے ہیں۔

پلوشہ خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹائٹینک ڈوب رہا ہے بس دعا یہ کرنی چاہئے کہ اس سے ملک کا نقصان نہ ہو، ان کی پالیسیوں کے باعث عوام خود باہر آ جائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں سے عوام کا برا حال ہو چکا ہے اور انہیں بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کی فکر پڑی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث غریب تو پس ہی رہا ہے اب مڈل کلاس اور کاروباری حضرات بھی چیخ اٹھے ہیں۔

سیاسی پارٹیوں میں رہنماؤں کے مابین اختلافات ہوتے رہتے ہیں، علی اعوان

رہنما تحریک انصاف علی اعوان نے کہا کہ ہر سیاسی پارٹی میں رہنماؤں کے مابین اختلافات ہوتے رہتے ہیں یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن میں چوہدری نثار اور خواجہ آصف کے اختلافات سب کے سامنے تھے اسی طرح پیپلز پارٹی کی پنجاب کی لیڈرشپ بعض معاملات پر سندھ کی لیڈرشپ سے اختلافات کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین پاکستان تحریک انصاف کے لئے بہت خدمات ہیں اور دونوں رہنما پارٹی کے لئے بہت ضروری ہیں۔


متعلقہ خبریں