ایل او سی پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں سات بھارتی فوجی ہلاک



راولپنڈی:بھارت کا لائن اف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم پاک فوج  نے بھارتی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا اور فائرنگ کے تبادلے میں متعدد بھارتی چوکیاں تباہ کر دی گئیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آج صبح پھر بھارتی افواج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی ہے۔ بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے سات  بھارتی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تاہم  بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے باعث پاک فوج کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہداء کی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کا عمل جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نےبتایا کہ بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ سے شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 18 سالہ نوجوان شہید ہو گیا،اور تین  خواتین زخمی ہوئیں۔ زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں صوبیدار محمد ریاض، حوالدارعزیز اللہ اور سپاہی شاہد منصب شامل ہیں۔ بھارتی افواج کی فائرنگ سے ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا ہے۔

دفتر خارجہ نے بھی بھارتی فوج کی شہری آبادی پر فائرنگ کی مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ، بزرگ شہری شہید

پاک فوج کی جانب سے بلا اشتعال کی جانے والی فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا گیا ہے۔

دفاعی تجزیہ برگیڈئیر ریٹائرڈ حارث نواز نے ہم نیوزسے گفتگو میں کہا کہ بھارت بوکھلایا ہوا ہے ۔ انہوں نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا ہے ۔ بھارت باربار جارحیت کا مظاہرہ کرتاہے ۔ انہوں نے ہمارے تین جوانوں کو شہید کیا ہے ۔ ہماری فوج بھارتی بنکرز کو نشانہ بناتی ہے۔ ہماری فوج نے انکے دس بارہ لوگ ہلاک کردیے ہونگے۔ ابھی خبریں آجائینگی کیونکہ پاکستان کی فوج معصوم نہتے شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی ۔ دونوں طرف ہمارے کشمیری بھائی رہائش پذیر ہیں ۔

یادر رہے گزشتہ روز بھی بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کوٹلی کے علاقوں میں بھاری گولہ باری و فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری شہید ہوگیا تھا۔

مقامی ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ بھارتی افواج کی جانب سے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق راولا کوٹ کے علاقے درہ شیر خان اور حویلی کے علاقے نیزہ پیر سیکٹر میں بھی فائرنگ کی گئی۔


متعلقہ خبریں