وزیر اعظم نے شہباز شریف کے الزامات مسترد کر دیے

وزیر اعظم نے شہباز شریف کے الزامات مسترد کر دیے

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اراکین الیکشن کمیشن کی تقرری پر مشاورت سے متعلق شہبازشریف کے الزامات مسترد کردیے۔

وزیر اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔ خط الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کے حوالے سے لکھا گیا ہے۔

عمران خان نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے مشاورت کے لیے خط لکھا گیا جب کہ میرے سیکرٹری کی طرف سے بھی لکھا گیا خط آئین کی روح کے منافی نہیں تھا اور سیکرٹری نے میری ہدایت پر ہی آپ کو خط لکھا تھا۔

انہوں نے خط میں کہا کہ آپ نے الیکشن کمیشن کے تقرر سے متعلق مشاورت کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا جب کہ ہمارا مارچ میں لکھا گیا خط تمام آئینی تقاضوں کو پورا کرتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خط بامقصد اور نتیجہ خیز مشاورت کی نیت سے لکھا گیا تھا اور میں اس خط کے ذریعے آپ کو زور دیتا ہوں کہ مشاورتی عمل کا حصہ بنیں جب کہ خط کے جواب میں تحریری طور پر آپ بھی ارکان کے لیے نام نامزد کریں۔

یہ بھی پڑھیں الیکشن کمیشن ممبرز کی تعیناتی،اپوزیشن لیڈر کا وزیراعظم آفس کو جوابی خط

عمران خان نے شہباز شریف سے کہا کہ اگر آپ مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بنتے تو میں اور عوام یہ سمجھنے میں حق بجانب ہوں گے کہ آپ آئینی عمل سے احتراز برت رہے ہیں اور آپ کے عدم تعاون کی صورت میں آئینی طریقہ کار پر عمل کریں گے۔

بحیثیت وزیر اعظم تمام ہی اسامیاں آئینی انداز میں پُر کرنے کے لیے پر عزم ہوں، عمران خان

وزیر اعظم کے خط میں کئی عدالتی فیصلوں کا حوالہ بھی دیا گیا ہے اور خط وزیر اعظم عمران خان کے دستخطوں کے ساتھ بھیجا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کا مطالبہ تھا کہ الیکشن کمیشن کے اراکین کی تعیناتی کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے خط لکھا جائے۔


متعلقہ خبریں