آصف علی زرداری کو گرفتار ہوتا دیکھ رہا ہوں، مولانا فضل الرحمٰن


اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئی ہے، اس حکومت میں عوام کا چولہا جلنا بھی محال ہو گیا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ندیم ملک لائیو میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکہ ہمیشہ سے اپنے مفادات کے خاطر پاکستان کی سیاست میں مداخلت کرتا آیا ہے جبکہ امریکی سفیر نے بے نظیر کی حکومت کے قیام کے لئے مجھ سے مدد مانگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ذمہ دار اداروں کو ملک کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، امید ہے یہ لوگ اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت بیرونی دباؤ پر بنائی گئی ہے ایسے حقائق کو ملکی تاریخ کی سطح پر لانا انتہائی ضروری ہے، میں اس حکومت کے ساتھ بالکل نہیں چل سکتا۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے ثابت کیا کہ وہ ایک سچے پاکستانی ہیں، ان سے آج رابطہ بھی ہوا ہے جس میں ایک دوسرے کے احوال کے بارے میں پوچھا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے ملکی صورتحال کے تناظر میں آصف علی زرداری کو گرفتار ہوتا دیکھ رہا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف کسی بھی قسم کا کوئی کیس نہیں ہے اور نہ ہی لوگ مجھے گرفتار کر سکتے ہیں ، میری گرفتاری ان کے گلے پڑ جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حکومت کو ایک دن بھی مزید نہیں ملنا چاہئے اگر کوئی ان کے اقتدار کی وقت کی تائید کرتا ہے تو وہ بھی اس جعلی مینڈٹ کی حمایت کے زمرے میں آئے گا۔

مولانا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے میں آؤں گا تو اپنا کنٹینر بھی ساتھ لاؤں گا ، لانگ مارچ کے سلسلے میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی قیادت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول برخوردار ہے اسے اسی نظر سے دیکھتا ہوں، پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

 


متعلقہ خبریں