وزیراعظم: غیرقانونی گیس کنکشنز کے خلاف کارروائی کی ہدایت

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے غیر قانونی گیس کنکشنز کےخلاف فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کردی۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم نے یہ ہدایت گیس کے زیاں کی روک تھام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری، سیكریٹری خزانہ، سیكریٹری پٹرولیم، ایم ڈی سوئی ناردرن اور ایم ڈی سوئی سدرن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم عمران خان اجلاس کے دوران کہا کہ نے غیر قانونی گیس كنكشنز کےخلاف فوری کارروائی کی جائے اور گیس چوری میں معاونت فراہم كرنے والے گیس كمپنیوں كے اہلكاروں كے خلاف بھی سخت ترین كارروائی عمل میں لائی جائے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سسٹم كے موجودہ نقصانات كی شرح اور اس كے نتیجے میں عوام پر پڑنے والا بے جا بوجھ  ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے احکامات دیے کہ ان نقصانات پر قابو پانے كے لیے تمام ممکنہ کوششیں عمل میں لائی جائیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ گیس سسٹم میں كسی بھی وجہ سے ہونے والے نقصانات كا بوجھ عوام پر پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سسٹم كی خامیوں اور انتظامی كوتاہیوں كا نتیجہ گیس كی قیمت میں اضافے اور صارفین پر بوجھ كی صورت میں نكلتا ہے جو قبول نہیں ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں وزیر اعظم كو بتایا گیا كہ اس وقت گیس كا زیاں یو ایف جی (Unaccounted for Gas) سوئی ناردرن كے سسٹم میں تقریباً گیارہ فیصد اور سوئی سدرن میں 16 فیصد سے زائد خسارے كا باعث بن رہا ہے جس كی كل مالیت 45 ارب روپے كے لگ بھگ ہے۔

وزیراعظم کو دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس زیاں میں گیس کی چوری اورگیس کی  لیكج سمیت دیگر وجوہات شامل ہیں۔

شرکائے اجلاس نے وزیراعظم کو بتایا کہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 19 ارب روپے چوری كی مد میں سوا گیارہ ارب لیكیج جب كہ تقریباً ساڑھے 14 ارب روپے سالانہ نقصان دیگر وجوہات كی وجہ سے ہو رہا ہے۔

اجلاس میں سیكریٹری پٹرولیم كی جانب سے گیس زیاں پر قابو پانے كے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔


متعلقہ خبریں