بلاول بھٹو دس اپریل کو تھر میں ٹرانسمیشن پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے


کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری تھرکول پاورپروجیکٹ کے 660 میگا واٹ کے پلانٹس کا افتتاح کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات، قانون و اینٹی کرپشن  بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے 10 اپریل کو بلاول بھٹو اسلام کوٹ میں ٹرانسمیشن کا باقاعدہ آغاز کریں گے۔ پہلے مرحلے میں 660 میگا واٹ بجلی کو قومی گرڈ میں شامل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ بے نظیربھٹو کا تھرسے پاکستان کی توانائی یقینی بنانے کا خواب حقیقت میں بدل رہا ہے۔

اسی سلسلے میں دو روز قبل وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ 330 میگا واٹ کے دو بجلی گھروں کا دورہ کیا اورپیداواری عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں منصوبےاور افتتاحی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

مراد علی شاہ نے اس موقع پر کہا کہ 1996 میں بے نظیر بھٹو نے کوئلے سے چلنے والے پاورپروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا، اگر غیرجمہوری انداز میں حکومت کا خاتمہ نہ ہوا ہوتا تو اس منصوبے سے 2002 میں 5200 میگا واٹ بجلی پیدا ہورہی ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ 22 برس بعد یہ خواب حقیقت بنا ہے اور تھرکول سے 660 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہورہی ہے۔


متعلقہ خبریں