عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے متعلق تمام افواہوں کی تردید کردی


لاہور: پاکستان کے ممتاز گلوکار عطااللہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنے مداحوں اور بہی خواہوں سے کہا ہے کہ وہ بالکل خیر و عافیت سے ہیں اور انشااللہ طے شدہ پروگرام کے تحت دبئی میں 13 اپریل کو ہونے والے شو میں شرکت کریں گے۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ پیغام اس افواہ کے ردعمل میں جاری کیا جس میں ان کے انتقال کی جھوٹی اطلاع دی گئی تھی۔

عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے پیغام میں بتایا ہے کہ وہ اسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں اوران کی صحت اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بالکل ٹھیک ہے۔

معروف گلوکار نے کہا کہ بیماری کے باعث ایک شو ضرور متاثر ہوا تھا لیکن اسی دوران لوگوں نے عجیب و غریب قسم کی افواہیں پھیلا دیں۔

ہم نیوز کے مطابق عطااللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنی صحتیابی کے لیے دعائیں کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ’احسان مند‘ ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے جنہوں نے بیماری کے دوران سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر افواہیں پھیلائیں۔

پاکستان کے معروف گلوکار نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے افواہیں پھیلانے والوں سے کوئی گلہ نہیں ہے اور دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہدایت دے۔

ممتاز گلوکار کو تقریباً ایک ہفتے قبل ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال میں ڈاکٹروں کی ہدایت پر داخل کر لیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج رہے تھے۔

اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دینے کے باوجود ڈاکٹروں نے انہیں آئندہ چند روز تک مکمل آرام کرنے اور احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر گزشتہ کچھ دنوں سے حیرت انگیز طور پر کئی معروف افراد کے متعلق یہ جھوٹی خبر دی گئی کہ وہ انتقال کرگئے ہیں جس کی تردید خود انہی لوگوں کو کرنی پڑی۔

یقیناً! یہ امر افسوسناک اورانتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس سے جہاں نہ صرف متاثرہ شخص اذیت محسوس کرتا ہے بلکہ اس کے قریبی عزیز و اقارب اور رشتہ داربھی ناقابل بیان مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ابھی گزشتہ دنوں بین الاقوامی شہرت یافتہ اردو زبان کے بھارتی شاعر منور رانا جب اسپتال میں زیرعلاج تھے تو ان کے متعلق ایسی ہی افواہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گردش کررہی تھی جس کی تردید خود انہوں نے کی۔

منور رانا سے قبل پاکستان کے ممتاز بزرگ اداکار مرزا شاہی کے متعلق بھی ایسی ہی جھوٹی خبر نے بہت سے افراد کوغمزدہ کردیا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے متاثر ہو کر بعض ٹی وی چینلز نے بھی یہ خبر دے دی تھی۔

ممتاز فنکار مرزا شاہی نے اپنے انتقال کی افواہ کی تردید کی تھی اور اپنے پیغام میں کہا تھا کہ وہ ابھی بھی لوگوں کو ہنسا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں