بھارتی جیل میں قتل ہونے والے نورالامین کی میت کراچی پہنچ گئی

ٹوکیو: خاتون نے مردہ ماں کا جسم 10 سال تک فریزر میں چھپائے رکھا

فوٹو: فائل


کراچی: بھارت کی جیل میں قتل ہونے والے پاکستانی قیدی نورالامین کی میت کراچی پہنچ گئی۔ آج بعد نماز جمعہ ماہی گیر نورالامین کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین ہوگی۔

ہم نیوز کے مطابق ایک ہفتہ قبل پاکستانی ماہی گیر نورالامین کو بھارتی جیل میں عملے کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئے تھے۔ گزشتہ روز بھارتی حکام نے ان کی میت واہگہ بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کی تھی۔

چار بچوں کے والد اور گھر کے واحد کفیل نورالامین کو بھارت نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

پاکستانی ماہی گیر نے 2017 میں ملنے والی اپنی سزا پوری کرلی تھی لیکن اس کے باوجود بھارتی حکام نے انہیں رہا نہیں کیا اوراب ان کی میت حوالے کردی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان فشر فورک فورم کے مطابق بھارتی جیلوں میں 150 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں جن میں سے تین ایسے بھی ہیں جو گزشتہ 20 سالوں سے قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہے ہیں۔

پاکستان فشر فورک فورم کے مطابق بھارتی جیل میں قید امیر حمزہ نامی ماہی گیر کینسر کا بھی مریض ہے۔

پاکستانی ماہی گیر نورالامین کے متعلق معلوم ہوا ہے کہ 2010 میں بھی بھارتی فورسز نے انہیں گرفتار کیا تھا جس پرچھ ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

نورالامین کو اس وقت رہائی مل گئی تھی لیکن اس مرتبہ سزا پوری ہونے کے باوجود انہیں رہا نہیں کیا گیا۔

بھارت کی جیل میں اس سے قبل پلوامہ واقع کے بعد پاکستانی قیدی شاکراللہ کو بھی پتھروں سے مار کر قتل کیا گیا تھا جس کے بعد اس کی بھی میت پاکستان کے حوالے کی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں