مسئلہ کشمیر: سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی،ملیحہ لودھی

ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

فوٹو: فائل


پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ کی کارکردگی پر سوال اٹھایا ہے ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کہتی ہیں کشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرا کے سلامتی کونسل نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی۔

سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے مذاکراتی عمل کے حوالے سے  اپنے بیان میں ملیحہ لودھی کا  کہنا تھا کہ مقبوضہ علاقوں میں لوگوں سے وعدے پورے نہ کرنا سلامتی کونسل کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان نے اپنے مفادات کو فوقیت دی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مستقل اور غیر مستقل رکنیت کا باہمی تناسب غیر مستقل ارکان کے حق میں بڑھایا جائے۔

یاد رہے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کچھ روز قبل بھی  ایساہی بیان دے چکی ہیں۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی  نے  سلامتی کونسل میں دہشت گردی کی  روک تھام  سے متعلق  اجلاس سے خطاب کیاتھا ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے دہشت گردی کی روک تھام کرنے والے اداروں کو چند ممالک کے سیاسی مفادات کے فروغ کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے ۔

ملیحہ لودھی نے کہا انسداد دہشت گردی کی عالمی حکمت عملی میں غاصبانہ تسلط اور مقبوضہ علاقوں کے حق خودارادیت کے انکار سے جنم لینے والی صورتحال پر بھی توجہ دینی چاہیے ۔

یہ بھی پڑھیے:اقوام متحدہ کو چند ممالک کے مفادات کا آلہ کار نہیں بننا چاہیے، ملیحہ
انہوں نے کہا عالمی برادری کو کشمیر میں جاری بربریت اور ریاستی دہشتگردی پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ ہمیں دہشت گردی کی علامات سے نہیں بلکہ وجوہات سے نبردآزما ہونے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

ملیحہ لودھی نے کہا پاکستان میں قومی ایکشن پلان کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی مربوط اور جامع پالیسی بنائی گئی ہے۔ دہشت گرد تنظیموں کی مالی معاونت اور دیگر کاروائیاں روکنے کے لیے قومی اداروں کو مزید فعال اور مضبوط بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں