معروف گلوکار کی موت کی جھوٹی خبرچلانے والے نوجوان گرفتار


لاہور: پولیس نے گلوکار عطااللہ عیسیٰ خیلوی کی موت سے متعلق فیس بک پر جھوٹی خبر چلانے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔

لاہور میں اس حوالے سے پریس کانفرنس میں عطاللہ نے بتایا کہ انہوں نے نوجوان کو معاف کردیا ہے تاہم ملزم کو اتنی سزا ملنی چاہیے کہ وہ دوبارہ ایسی حرکت نہ کرے۔

پولیس نے معروف گلوکار سے متعلق جھوٹی خبر چلانے والے تونسہ شریف کے علاقے ریتڑہ کے رہائشی قیصرانی کو گرفتار کیا۔

عطااللہ نے سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہوں کے خاتمے کے لیے حکومت سے موثرقانون سازی کا بھی مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف گلوکار کی موت کی جھوٹی خبر سوشل میڈیا پرگردش کرتی رہی تھی جس کے بعد انہیں ویڈیو پیغام جاری کرکے اس کی تردید کرنی پڑی تھی اور بتایا تھا کہ اب وہ بیماری کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ممتاز گلوکار کوریڑھ کی ہڈی میں تکلیف ہوئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال میں ڈاکٹروں کی ہدایت پر داخل کر لیا گیا تھا جہاں وہ زیر علاج رہے تھے۔

یاد رہے کہ عطااللہ وہ پہلے شخص نہیں ہیں جو سماجی رابطے پرجھوٹی خبروں کا نشانہ بنے ہیں بلکہ اس سے قبل ایسی ہی خبر گزشتہ دنوں بین الاقوامی شہرت یافتہ اردو زبان کے بھارتی شاعر منور رانا کے اسپتال میں زیرعلاج ہونے کے دوران پھیلی جس کی انہیں خود تردید کرنی پڑی۔


متعلقہ خبریں