ایل او سی: پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی ہلاک

فوٹو: فائل


راولپنڈی: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج کی جوابی کارروائی میں پانچ بھارتی فوجی مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چڑی کوٹ سیکٹر میں بھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور چار بچوں سمیت چھ شہری زخمی ہوگئے۔

فائرنگ سے رقیب حسین شاہ کی اہلیہ شبنم زخمی ہوئیں۔ زخمیوں میں رقیب حسین کا 13 سالہ بیٹا کاشان اور  6 سالہ فیضان بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: ایل او سی خلاف ورزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب

اس کےعلاوہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے 14 سالہ نثاء شفیق اور 10 سالہ بہن آصفہ بھی زخمی ہوئی۔ 28 سالہ شاہد حسین بھی بھارتی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پانچ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کردیا اور کئی پوسٹیں تباہ کردیں۔

خیال رہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔

دو اپریل کو بھارتی افواج نے ایک مرتبہ پھر لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راولا کوٹ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے سات  بھارتی فوجی ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے تاہم  بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کے باعث پاک فوج کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

اس سے قبل بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر کوٹلی کے علاقوں میں بھاری گولہ باری و فائرنگ کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری شہید ہوگیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں