شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا


کراچی: ملک میں شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا۔ ہفتہ 20 اپریل کو شب برات ہوگی۔

کراچی میں مفتی منیب الرحمٰن کی سربراہی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ شرکا نے چاند کے مشاہدے اور شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کیا کہ شعبان المعظم کا چاند نظر آگیا ہے۔

بروز اتوار سات اپریل کو یکم شعبان جبکہ شب برات ہفتہ 20 اپریل کو ہو گی۔ چاند کی شہادتیں بہاولپور، ڈی آئی خان، بٹ گرام اور دیگر حصوں سے موصول ہوئیں۔

اسلامی کلینڈر میں شعبان آٹھواں مہینہ ہے۔ مسلمانان کی بہت بڑی تعداد اس ماہ میں رمضان المبارک کے بعد سب سے زیادہ نوافل روزے رکھتی ہے۔

مسلمانوں کی بڑی تعداد اسی ماہ کی 15 ویں شب کو ’شب برات‘ کہتی ہے۔ اس شب میں لوگ قبرستانوں میں اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پہ خصوصی فاتحہ خوانی کے لیے جاتے ہیں، شب بھر جاگ کر مساجد و گھروں میں نفلی عبادت کرتے ہیں۔

نوافل عبادت ادا کرنے والے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہوکر اس سے اپنے گناہوں کی توبہ کرتے ہیں، استغفار کرتے ہیں، فضل طلب کرتے ہیں اوراس کی رضا حاصل کرنے کی جستجو کرتے ہیں۔

شب کو جاگنے والے دوسرے دن کا نفلی روزہ بھی رکھتے ہیں۔

امت مسلمہ سے تعلق رکھنے والوں کی ایک بڑی تعداد کا یقین ہے کہ اس بابرکت رات میں اللہ تعالیٰ نئے سال کے لیے پیدائش، موت اور رزق سمیت دیگر اہم ضروری فیصلے صادر کرتا ہے۔


متعلقہ خبریں