پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سیلکٹر کو تنقید کا سامنا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ اور سیلکٹرز کو تنقید کا سامنا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: عمراکمل، وہاب ریاض اور احمد شہزاد کو ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی شامل نہ کرنے پر شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر کوچ اور سیلکٹرز کو آڑھے ہاتھوں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضام الحق کو سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ سینئر صحافیوں اورتجزیہ کاروں نے بھی تینوں اہم کھلاڑیوں کو نظرانداز کیے جانے کی وجہ پوچھ لی۔

ورلڈکپ جیسے اہم ایونٹ سے عمر اکمل، وہاب ریاض اور احمد شہزاد کو نظر انداز کیے جانے کی ٹھوس وجہ معلوم نہ ہو سکی۔

عمر اکمل پاکستان ون ڈے کپ میں مسلسل اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجود ورلڈکپ 2019 کے ممکنہ کھلاڑیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔ ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان پرجرمانہ عائد کیا تھا۔ آسڑیلیا کے خلاف سیریز کے دوران عمراکمل کسی کو بتائے بغیر رات بھر ایکون کے کنسرٹ میں شریک رہے تھے۔

عمر اکمل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ٹیم مینجمنٹ کو ہوش آیا۔ جس کے بعد عمراکمل ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں کے پول سے باہر کردیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں پی سی بی کا ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف خراب کارکردگی دکھانے اور فٹنس مسائل سے دوچار رہنے والے یاسر شاہ کو ورلڈ کپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے جب کہ وہاب ریاض کو بھی مسلسل اچھی کارکردگی دکھانے کے باوجود ایک بار پھر نظرانداز کردیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بعد پاکستان ون ڈے کپ میں بھی وہاب ریاض کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھائی گئی لیکن مکی آرتھر کے پلان میں شامل نہ ہونے کے باعث ان کا نام تیسری دفعہ بھی ورلڈکپ میں شامل نہیں کیا گیا۔

پاکستان کرکٹ کے ایک اور بیڈ بوائے احمد شہزاد پی ایس ایل کے بعد پاکستان ون ڈے کپ میں شاندار فارم میں نظر آرہے ہیں مگر مکی آرتھر کا اعتماد نہ ہونے کی وجہ سے انہیں بھی ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں