’ دو دن میں جو کچھ ہوا اس کا مرکزی کردار عمران خان ہے‘


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نواز کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی ریاستی دہشت گردی کے اقدامات کو قانونی طور پر چیلنج کیا، نیب ٹیم نے عمران خان کے کہنے پر غیر قانونی دھاوہ بولا۔

انہوں نے کہا کہ کل سمجھانے کے باوجود نیب اور حکومتی گٹھ جوڑ کے بعد آج پھر نیب ٹیم آئی۔ ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کارکنان پر تشدد کیا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نالائق اور نااہل حکومت عوام کو گمراہ کرنے کیلئے میڈیا سٹنٹس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیب عدالت نے بھی نیب کی پولیس فورس فراہمی کی درخواست مسترد کی جبکہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کے گھر پر دھاوے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔

اس موقع پر مریم اورنگزیب نے شہزاد اکبر کے موبائل کا فرانزک کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شہزاد اکبر اور ڈی جی نیب لاہور سے رابطے میں رہتے ہیں، معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر وزیر اعظم کے احکامات پاس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ حکومت نے قرضے لیے تو موٹروے اور منصوبے لگے، موجودہ حکومت وزیر اعظم کا خرچہ چلانے کیلئے 34 ارب ڈالر قرضہ لے چکی۔ دو دن میں جو کچھ ہوا اس کا مرکزی کردار عمران خان ہے۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ فواد چوہدری جیسے دو درجن ترجمان مہمان اداکار ہیں، وہ بی آر ٹی پر بات کیوں نہیں کرتے؟ وہ مشرف کے ترجمان تھے اس لیے اب بھی نیب کا دفاع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن کا احتساب کرنا تو بی آر ٹی اور مالم جبہ کا کریں، علیمہ باجی کی جادو کی مشینوں کا احتساب کریں۔

’جھوٹے الزامات کے باوجود قانون کی پاسداری کی ہے‘

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ہم نے جھوٹے الزامات کے باوجود قانون کی پاسداری کی ہے لیکن قانون کو غیر قانونی اقدام اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نیب نے حمزہ شہباز کو جب بھی طلب کیا گیا وہ پیش ہوئے، اُن کی گرفتاری غیر قانونی ہو گی۔ نیب کے پاس اگر ٹھوس ثبوت ہیں تو پیش کیے جائیں۔ نیب کا چھاپہ ریاستی دہشت گردی کے خلاف کچھ بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے یہ سارے اقدامات مہنگائی سے عوام کی وجہ ہٹانے کے لیے کیے گئے ہیں۔ ڈی جی نیب لاہور نے ٹی وی پر آ کر کہا کہ میرے پاس ثبوت موجود ہیں لیکن وہ ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے۔

سب کچھ عوام کو بے وقوف بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

ترجمان مسلم لیگ نون نے کہا کہ نیب شہباز گل اور فواد چوہدری کو تو ثبوت دے دیتی ہے لیکن عدالت کے سامنے کیوں پیش نہیں کیے جاتے۔ کل وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کر دیا تھا کہ سب کو جیل میں ڈالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں نیب ٹیم حمزہ شہباز کو گرفتار کرنے کے لیے ماڈل ٹاؤن میں موجود

انہوں نے کہا خیبرپختونخوا کی حکومت کہہ رہی ہے کہ کرپشن ہوئی ہے۔ پشاور میں ایک کھرب کے کھڈوں پر نیب کیوں حرکت میں نہیں آتی۔ اگر نیب کا معیار ایک ہے تو وزیر اعظم عمران خان، جہانگیر ترین، علیمہ باجی سمیت دیگر کو بھی گرفتار کیا جائے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ گرفتاری سے اگر ڈرتے یا بھاگنا ہوتا تو حمزہ شہباز اپنے گھر میں موجود نہیں ہوتے۔ نیب کا اقدام غیر قانونی ہے وہ توہین عدالت کر رہی ہے۔ نیب کے پاس وارنٹ کسی کورٹ آف لا کا نہیں ہے بلکہ کمپیوٹر سے بنایا گیا ہے اور ہم ایسے وارنٹ کو نہیں مانتے۔


متعلقہ خبریں