ورلڈ کپ 2019، حفیظ نے پاکستان، بھارت اور انگلینڈ کو فیورٹ قرار دے دیا


گلگت: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ورلڈ کپ 2019 جیتنے کے لئے پاکستان، بھارت اور انگلینڈ کو فیورٹ قرار دے دیا۔

گلگت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ چمپیئن ٹرافی جیتنے کے لئے جان لگا دی تھی اسی طرح ورلڈ کپ کے لئے بھی بھرپور محنت کریں گے۔

پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیرو سیاحت کی غرض سے آئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ اتنا خوبصورت علاقہ کہیں نہیں دیکھا یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں، اس سے پہلے گلگت بلتستان کا دورہ نہ کرکے بہت سی بہاریں ضائع کردیں۔

انہوں نے کہا کہ میرا تعلق چھوٹے علاقے سے ہے مگر میں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنا مقام بنایا، میں گلگت بلتستان میں ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لئے بھرپور کردار ادا کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شمولیت سمیت قومی ٹیم میں نمائندگی کے لئے کرکٹ بورڈ سے گلگت بلتستان کا مقدمہ لڑوں گا۔

واضح رہے ورلڈ کپ 2019 کے لیے تیاریاں جاری ہیں لیکن پاکستان کرکٹ ٹیم کی سیلیکشن کمیٹی اب تک اسکواڈ کا فیصلہ ہی نہیں کرسکی اس پر سلیکشن کمیٹی کو سوالات کا سامنا ہے۔

چیف سیلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی پرفارمنس سے مطمئن ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سیلیکٹر انضمام الحق ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کی تیاریاں بالکل ٹھیک چل رہی ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف آخری دو میچوں میں قومی ٹیم نے فائٹ بیک کیا۔

دوسری طرف اب تک ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان نہ کرنے پر پی سی بی کی سیلیکشن کمیٹی پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی خبر کے مطابق ورلڈ کپ میں سرفراز احمد پاکستان ٹیم کی قیادت کریں گے۔

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شعیب ملک، جنید خان، محمد عامر، عمر اکمل، محمد عباس اور یاسر شاہ پرفارم نہ کر سکے۔


متعلقہ خبریں