چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری دو روزہ نجی دورے پر دبئی روانہ

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری دو روزہ نجی دورے پر دبئی روانہ

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری دو روزہ نجی دورے پر دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔

بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے انچارج سریندر ولاسائی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نجی دورے پر دبئی گئے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی دبئی میں اپنی خالہ صنم بھٹو اور بہن بختاور بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔

سریندر ولاسائی کے مطابق بلاول بھٹو دو دن کے بعد وطن واپس پہنچیں گے اور طے شدہ شیڈول کے مطابق دس اپریل کو اسلام کوٹ کے قریب واقع تھرکول سے چلنے والے پاور پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔

میڈیا سیل بلاول ہاؤس کے مطابق چیئرمین پی پی پی 12 اپریل کو گھوٹکی میں منعقدہ جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ سندھ کے دوران گھوٹکی میں منعقدہ ایک جلسہ عام سے خطاب کیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی دبئی روانگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سمجھ رہے تھے کہ تحریک اسلام آباد آئے گی لیکن تحریک تو دبئی نکل گئی۔

 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اگر ای سی ایل نہ ہوتا تو پیپلزپارٹی کی تحریک ساؤتھ آف فرانس میں کامیاب ہوگئی ہوتی۔


متعلقہ خبریں