اسلام آباد میں پولن الرجی، شہریوں کو غیر ضروری باہر نہ نکلنے کی ہدایت

اسلام آباد میں پولن الرجی، شہریوں کو غیر ضروری باہر نہ نکلنے کی ہدایت

فوٹو: فائل


اسلام آباد: اسلام آباد میں پولن کی مقدار 34 ہزار مکعب میٹر پر موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے پولن کی مقدار میں اضافہ کے باعث شہریوں کو غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دے دیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں پولن کی مقدار گزشتہ روز سے کچھ کم ہے تاہم الرجی کا باعث بن سکتا ہے۔ اسلام آباد میں مجموعی طور پر پولن کی مقدار 34 ہزار مکعب میٹر تک موجود ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای ایٹ میں 5 ہزار 362 مکعب میٹر، ایف ٹین میں 3 ہزار 490 مکعب میٹر، سیکٹر جی سکس میں 5 ہزار 48 مکعب میٹر جب کہ سب سے زیادہ سیکٹر ایچ ایٹ میں 20 ہزار 703 مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔

واضح رہے کہ موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی اسلام آباد میں پولن کی مقدار میں خطرناک حد تک اضافہ ہو جاتا ہے جس سے پولن الرجی سے متاثرہ افراد سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو باہر نکلتے وقت روزانہ نیا ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں پولن کی مقدار بڑھنے لگی

پولن جنگلی شہتوت اور پیلے پھولوں سے بیج نما پاؤڈر اڑنے سے پھیلتا ہے جب کہ دھوپ نکلنے اور ہوا چلنے سے پولن اُڑ کر الرجی کا باعث بنتا ہے۔

پولن الرجی

بہار کے موسم میں پھولوں کے ذرات جنھیں ہم زردانے بھی کہتے ہیں ہوا میں بہت زیادہ مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ یہ زردانے بہت چھوٹے ہوتے ہیں اور انہیں صرف مائیکرواسکوپ کی مدد سے ہی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ زردانے جب حساس لوگوں کے جسم میں داخل ہوتے ہیں تو یہ جسم میں مختلف علامات پیدا کرتے ہیں۔ صبح 5 بجے سے 10 بجے تک بہت زیادہ مقدار میں زمینی سطح پر ہوتا ہے اسی طرح شام 5  بجے سے آدھی رات تک پولن کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔

پولن الرجی کا موسم عموماً فروری کے آخری ہفتے سے شروع ہوکر مئی کے پہلے ہفتے تک رہتا ہے۔


متعلقہ خبریں