جذبہ خیر سگالی، 100 بھارتی ماہیگیر رہا



کراچی: پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان نے سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار 100 بھارتی ماہی گیروں کو رہا کر دیا۔ بھارتی ماہی گیر دوپہر ایک بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور روانہ ہوئے۔

بھارتی ماہی گیروں کو براستہ واہگہ بارڈر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔ رہا کیے گئے بھارتی ماہی گیروں کے کراچی سے لاہور تک کے سفری اخراجات ایدھی فاؤنڈیشن نے ادا کیے  جب کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے رہا ہونے والے تمام بھارتی ماہیگیروں کو تحائف بھی دیے گئے۔

جذبہ خیر سگالی کے تحت مزید 260 بھارتی ماہی گیروں کو مختلف تاریخوں کے دوران مرحلہ وار رہا کیا جائے گا

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اتوار کو اپنی پریس کانفرنس میں 300 بھارتی ماہی گیروں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں لیکن بھارت کی جانب سے مسلسل جارحیت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں بھارتی جیلیں پاکستانی قیدیوں کیلیے جہنم بن گئیں

واضح رہے کہ پلوامہ واقعہ کے بعد بھارت کی جیلوں میں قید دو پاکستانیوں کو تشدد کر کے شہید کر دیا گیا اور لاشیں واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان بھیجی گئیں۔ جس میں سے کراچی کے نورالامین کی میت 5 اپریل کو پاکستان کے حوالے کی گئی جب کہ شاکر اللہ کی میت دو مارچ کو پاکستان کے حوالے کی گئی تھی۔

بھارت کی جے پور جیل میں 20 فروری کو ہندو انتہا پسندوں کے تشدد سے شاکراللہ شہید ہوگیا تھا۔ 50 سالہ شاکراللہ کا تعلق سیالکوٹ سے تھا جسے 2017 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ذہنی طور پر معذور شاکر اللہ نے سال 2003 میں غلطی سے سرحد پار کی تھی۔

2017 سے بھارتی جیل میں قید کراچی کے نورالامین کو جیل حکام نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کی وجہ سے وہ 29 مارچ کو شہید ہو گیا تھا۔ نورالامین گہرے سمندر میں شکار کے دوران غلطی سے سرحد پار کر گیا تھا۔


متعلقہ خبریں