پاکستان کو کھیلوں میں وہ مقام دلائیں گے جو آج سے50 سال پہلےتھا، نعیم الحق



اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کھیلوں کوفروغ دیناچاہتےہیں، جس کے لئے کرکٹ کےساتھ ہاکی اوردیگرکھیلوں پرتوجہ دی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، پاکستان کوکھیلوں میں وہ مقام دلائیں گےجوآج سے50سال پہلےتھا۔

انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم کی طرف سےنیب کوکسی قسم کےاحکامات نہیں دیئےجارہے،نیب آزاد ادارہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حمزہ شہباز نے2دن گرفتاری سےبچنےکےلیےمزاحمت کی،جنہوں نےبھی قوم کی دولت لوٹی ہےاسےحساب دینا ہوگا۔

نعیم الحق نے کہا کہ لوٹ مارکرنےوالوں کوسزاکا سامنا کرناہوگا، بلاول ہاؤس جاتی امرا کے بعد پاکستان کاسب سےبڑاگھرہے بتایا جائے کہ اس کےلیےکہاں سےپیسہ آیا۔

یاد رہے دو ماہ قبل  نعیم الحق نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے کا آغاز ہوچکا ہے، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانیوں کو ملک سے باہر بھی نوکریاں ملیں، 50 لاکھ گھر بنانے جا رہے ہیں جس سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کو پانچ ماہ ہو چکے ہیں، وزیر اعظم کی خواہش ہے جگہ جگہ کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ہماری نئی نسل کی نشوونما صحت مند ماحول میں ہو اور وہ ہیرے جو ریت میں چھپے ہوئے ہیں سامنے آکر اپنے کھیل سے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے دور دراز کے شہروں میں بھی کھیلوں کے گراؤنڈز بنائیں گے اور کئی ارب درخت اگائیں گے، وزیراعظم انقلابی تبدیلی لا رہے ہیں۔

 

 


متعلقہ خبریں